کون جانتاتھا کہ2010ء میں متعارف کرائی جانے والی ایپ انسٹا گرام اتنی مقبول اور عام ہو گی کہ دنیا کے بیشتر موبائل صارفین اسے استعمال کرنااور اپنی زندگی کا حصہ بنانا شروع کردیں گے۔ دنیا کی سب سے دلچسپ ایپ انسٹا گرام میں جو Cool Factorsہیں، وہ کسی اور پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں ہیں۔ یہ موبائل، ڈیسک ٹاپ اور انٹرنیٹ پر مبنی ایپ ہے، جو تصاویر اور ویڈیوشیئر کرنے کی سروس فراہم کرتی ہے۔اس پر آپ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں ، ہیش ٹیگ ، جیوٹیگس اور گرافکل اسٹکرز لگاتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اس میں آگومینٹڈ ریالٹی آبجیکٹس اور ملٹی پل گرافکل فلٹرز لگا کر اپنی تصاویر میں دلچسپ قسم کی ترمیم کرسکتے ہیں۔ ایکسپلور ٹیب سے صارفین کو نزدیکی مشہور تصاویر اور ویڈیوز کو تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر ہیش ٹیگ کے ذریعے آپ تصاویر اور ویڈیوز کو کنیکٹ کرسکتے ہیں اور دیگر مواد اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیش ٹیگ کے ذریعے کسی مخصوص فرد یا کانٹینٹ کو بھی فالو کیا جاسکتا ہے۔ آئیں ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ 2018ءمیں انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹاپ5شخصیات کونسی ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو (147ملین فالوورز)
نمبر چھ سے نمبر 1پر پہنچنے والے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 147ملین ہے، تاہم ان کے کروڑوں مداحوں کیلئے بری خبر یہ ہے کہ امریکی خاتون کی جانب سے زیادتی کا الزام سامنے آنے کے بعد رونالڈو کو قومی ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے پولینڈ اور اسکاٹ لینڈ سے دوستانہ میچ کھیلنے والی پرتگال کی فٹبال ٹیم اپنے سب سے بہترین کھلاڑی کرسٹینا رونالڈو کے بغیر میدان میں اتری۔
فوربس کے مطابق108ملین ڈالر کے ساتھ رونالڈو زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ وہ تنخواہ کی مد میں61ملین ڈالر اورایڈورٹائزنگ سے 47ملین ڈالر کماتے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو9سال بعد ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس منتقل ہو چکے ہیں۔
سلینا گومز (144ملین فالوورز)
سلینا صرف اداکارہ یا گلوکارہ ہی نہیں بلکہ ایک بزنس وومن بھی ہیں۔ دسمبر2016ء میں انھوں نے فیشن مصنوعات کے کاروبار کی شروعات کی۔ یہی نہیں، سلینا گومز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی چھائی رہنے والی اداکاراؤں میں شامل ہیں۔ یہاںتک کہ2016ء کی جو پانچ تصاویر سب سے زیادہ لائیک کی گئیں، وہ سب کی سب سلینا گومز کی ہی تھیں۔ان کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویرکو 59 لاکھ سے زائد افراد نے لائیک کیا تھا۔ماضی میں سلینا گومز کے نوجوان کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، تاہم ان کے درمیان2015ء کے آغاز میں کشیدگی پیدا ہوگئی، اور دونوں نے راستے الگ کرلیے۔
ایریانا گرانڈے (137ملین فالوورز)
حالانکہ اس سال امریکی گلوکارہ، سونگ رائٹراور اداکارہ ایریانا گرانڈے نے انسٹا گرام پر کوئی تصویر اَپ لوڈ نہیںکی، پھر بھی یہ انسٹاگرام پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ وہ زیادہ تر سیلفیز اپنے بوائے فرینڈ میک ملر کےساتھ شیئر کرتی ہیں۔2011ءمیں گلوکاری کا آغاز کرنے والی ایریانا کے تین البمز یو ایس ٹاپ چارٹ میں جگہ بنا چکے ہیں۔
نقاد، ایریانا کی آوازاور رینج کا موازنہ ماریہ کیری سے کرتے ہیں۔ وہ اب تک تین امریکن میوزک ایوارڈز، تین ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ ز، دو ایم ٹی وی میوزک ویڈیو ایوارڈز اور چار گریمی ایوارڈ کی نامزدگیاں حاصل کر چکی ہے۔
بیونسے (121ملین فالوورز)
2017ء میں بیونسے کا نام دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی گلوکارائوں میں سرفہرست تھا۔ معروف امریکی جریدے فوربز کی جانب سے 2017ءمیں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی 10گلوکاراؤں کی فہرست جاری کی گئی، جس میں گلوکارہ بیونسےپہلے نمبر پر تھیں ۔پاپ گلوکارہ نے اپنی گائیکی سے 105ملین ڈالرز کمائے۔ فوربز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر گلوکارہ ایڈیل سلوا، 'تیسرے نمبر پر ٹیلر سوئفٹ اور چوتھے نمبرپر گلوکار ہ سیلین ڈیون تھیں۔