الماری کو ترتیب سے رکھنے کی ذمہ داری عموماً خاتونِ خانہ کی ہوتی ہے۔ اور مصروفیات چاہے کتنی ہی کیوں نہ ہوں، کم از کم موسم کی تبدیلی پر الماری کی صفائی ستھرائی، اس میں ضروری تبدیلی اور رکھے گئے کپڑوں اور دیگر اشیا کو ترتیب دینا ضروری ہوجاتا ہے۔ البتہ، الماری کی ترتیبِ نو ایک انتہائی تھکا دینے والا کام ہے، جس کا سوچ کر ہی جی گھبرانے لگتا ہے اور اس کام کے لیے وقت نکالنا بھی ایک الگ مسئلہ ہوتا ہے۔ مزید برآں، اس کام کو بخوبی اور احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے آپ کو انتہائی سوچ بچار کرنا پڑتی ہے کہ جیسے اب سردیوں کا موسم ہے تو گرم کپڑوںکو سامنے لانا ہے اور گرمیوں کے کپڑوں کو پیچھے لے جانا ہے۔ اس کے علاوہ، نئے موسم میں نئی شاپنگ بھی ضروری ہوتی ہے، ایسے میں اسٹوریج کے لیے اضافی جگہ کیسے بنائی جائےاور کون سے ایسے پرانے کپڑے اور اشیا ہیں، جن کو اب نکال دینا ہی بہتر رہے گا؟ وغیرہ وغیرہ۔ یہ وہ فیصلے ہیں جو آپ کو الماری کی ترتیبِ نو سے پہلے کرنے ہوتے ہیں۔
موسم کی مناسبت سے اپنی الماری کو ترتیب دینے سے پہلے آپ کو کچھ باتیں ذہن نشین کرنی چاہئیں۔ اگر آپ اپنے خوبصورت بیڈ روم میں کسی اور موسم کے کپڑے نہیں دیکھناچاہتیں تو آپ کو چند غلطیوں سے بچنا ہو گا۔
پہلے سے منصوبہ بندی نہ کرنا
کپڑوں کو اسٹوریج میں رکھنے سے پہلے انہیں دھو کر اور استری کر کے تہہ کرلینا اچھی تجویز ہے کیوں کہ اس طرح دوبارہ ضرورت پڑنے پر یہ تیار ملیں گے۔ اگر آپ ایسے ہی اُلجھے بکھرے کپڑے رکھ دیں گی تو آپ کو اگلے موسم کے کپڑے پہننے سے پہلے بہت سی دھلائی کرنی پڑے گی اور ہوسکتا ہے کہ اس دوران کپڑوں کا فیبرک اور ڈیزائن خراب ہوجائے اور یہ دوبارہ استعمال کے قابل نہ رہیں۔ اس لیےاس تجویز کو آپ ہر موسم میں الماری کی ترتیب ِ نو کےوقت ضرور ذہن نشین رکھیں۔
کل پر کام رکھ چھوڑنا
ہم جانتے ہیں کہ ایک بڑی سی الماری کی مکمل صفائی کا کام سوچتے ہی تھکن طاری ہونے لگتی ہے مگر آپ اس میں جتنی دیر کریں گی، یہ اتنا مشکل لگے گا۔ اس کے بجائے ایک دن چُنیں جب آپ موسیقی لگا کر اس کام میں مگن ہو جائیں۔ کچھ بڑے شاپر ساتھ رکھنا مت بھولیں تا کہ آپ خیرات کرنے والے اور پھینکنے والے کپڑے الگ الگ کر سکیں۔
بہتر تنظیم کیلئے خرچہ کرنا
پرانے موسم کے سارے کپڑے الگ پیک کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہے تا کہ آپ الماری میں جگہ خالی کر سکیں اور اپنے نئے پسندیدہ سامان کے لیے جگہ بچا سکیں۔ لیکن ساتھ ہی اپنی الماری کو ایسے سیٹ کرنا نہ بھولیں کہ وہ آپ کے کام بھی آئے! ہم اس میں خانے بنوانے، درازیں اور شیلف لگوانے کی بات کر رہے ہیں تا کہ آپ سامان اس طرح ترتیب دے سکیں کہ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو۔ یہی اچھا لگتا ہے، ورنہ آپ کے کپڑے گھر کے باقی حصوں میں پھیلے رہیں گے۔
جگہ کیلئے دل کھلا رکھیں
آپ کو الماری کی جگہ کا اچھے طریقے سے خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ ایک واک اِن الماری اس بات کی بہترین مثال ہوسکتی ہے، جسے استعمال کرتے ہوئے اسٹوریج میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ آپ کے پاس جتنی اسٹوریج ہوگی، موسمی سامان کی تبدیلی کی اتنی ہی کم ضرورت پڑے گی۔ گزرے ہوئے موسم کی کچھ چیزوں کو لٹکائے رکھنا کوئی بری بات نہیں۔
جوتوں کی جگہ
اس عادت کو بالکل نہ اپنائیں کہ آپ اپنے جوتے ایک ٹوکری میں ڈالیں اور اس کو الماری میں نیچے چُھپا کر رکھ دیں۔ اپنی زندگی آسان بنائیں اور جوتے رکھنے کے لیے خانے بنوائیں۔ اسی حوالے سے ایک ٹوٹکہ یہ بھی ہے کہ ایک جوتے کا منہ دوسرے جوتے کے مخالف رُخ پر رکھیں۔ اس سے آپ کو اپنے لباس کے ہم رنگ جوتے ڈھونڈنے میں آسانی ہوجائے گی۔ ایک اور طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ رنگوں کے حساب سےجوتوں کو ترتیب دیں۔
دماغ سے سوچیں دل سے نہیں
ہمارے پاس کچھ ایسے کپڑے ضرور ہوتے ہیں، جو ہمارے دل کے قریب ہوتے ہیں اور ہم انہیں کبھی پھینکنا نہیں چاہتے، مگر یہ ظالم بن جانے کا وقت ہے! کیا آپ واقعی ہر سال وہی پرانے کپڑے اکٹھے کرتے رہنا چاہتی ہیں، جبکہ آپ کو معلوم ہے کہ آپ انہیں کبھی بھی دوبارہ نہیں پہنیں گی؟ تو کیوں نہ اس سادہ اصول پر عمل کیا جائے کہ اگر آپ نے انہیں پچھلے سال نہیں پہنا تو اب ان کو الوداع کہنے کا وقت ہے۔
لکڑی کی ٹوکریوں کا استعمال
لکڑی کی ٹوکریوں کو الماریوں میں لگا کر آپ اسٹوریج بنا سکتی ہیں۔ ان میں آپ جرابیں، بنیان اور مختلف اشیا رکھ سکتی ہیں۔ یہ آسانی سے مل بھی جائیں گی اور آپ کا کمرہ صاف ستھرا، باترتیب، ماڈرن اور اسٹائلش بھی لگے گا۔