• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت خارجہ کی خاتون افسر، شوہر سمیت دم گھٹنے سے جاں بحق

وزارت خارجہ کی خاتون افسر سیدہ فاطمہ اور ان کے شوہر سید شعیب حسن کی ہنزہ میں ناگہانی موت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

ہنزہ کے مقامی ہوٹل میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کمرے میں گیس بھرنے سے جان کی بازی ہارگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 29نومبر کو شادی کرنے والا جوڑا ہنی مون پر ہنزہ کے ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا ،لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق ہوٹل میں گیس بھرنے سے مرنے والی خاتون پاکستان فارن آفس میں آفیسر تھیں،ان کی شناخت سیدہ فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہنزہ علی اصغر نے سیدہ فاطمہ اور ان کے شوہر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں کی موت ہوٹل کے کمرے میں گیس لیکیج کے باعث ہوئی اور یہ واقعہ گزشتہ رات کا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سیدہ فاطمہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔

سیدہ فاطمہ دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دے رہی تھیں اور ان کا تعلق 42 ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے تھا جب کہ وہ دفترخارجہ میں کامن ڈپلومیسی سکیشن میں تعینات تھیں۔

سیدہ فاطمہ 10 دن پہلے فرانس سے تربیت مکمل کرکے پاکستان پہنچی تھی، ان کا تعلق پنجاب کے شہر اٹک سے تھا اور ان کی شادی 29 نومبر کو ہوئی تھی۔

مرحومہ فارن سروس اکیڈمی کے 35 ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس میں پوزیشن ہولڈر بھی تھیں۔

تازہ ترین