کراچی(نیوزڈیسک، خبرایجنسی)وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیساتھ کل 4 میٹنگز ہوئیں، عمران خان نے انہیں وزارت اطلاعات سنبھالنے کی پیشکش کی ہے ، اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ شیخ رشید کیلئے وزارت چھوڑنےکو تیار ہوں، ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری بہترین کام کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔بعد میں شیخ رشید اپنے اس دعوے سے پھرگئے اور کہا کہ بات مزاق میں کہی، فواد کی جگہ نہیں لوںگا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ 4 میٹنگز ہوئیں، وزیراعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں آجائیں۔فواد چوہدری سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ لندن میں 8 روز سے پکنک پر ہیں، میں نے ان سے کہا ہے کہ لندن سے واپس آ جائیں۔وزیراعظم کی جانب سے وزارت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ’میں کہوں گا لویو تھینک یو ویری مچ‘۔بعد ازاں اپنے بیان کی وضاحت میں شیخ رشید نے کہا کہ فواد چوہدری بہترین وزیر اطلاعات ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ فواد چوہدری انتھک محنتی ہے، کوئی سوچے بھی نہیں کہ میں ان کے خلاف ہوں، کوئی یہ نہ سوچے کہ میں فواد کی جگہ لے سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دنیا اُدھر کی ادھر ہو سکتی ہے لیکن میں وزیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا،وزیر ریلوے نے کہا کہ لندن پکنک کی بات مذاق میں کہی تھی، فواد سے کل بات ہوئی انہیں کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ آپ واپس آ جائیں، آپ کی بہت ضرورت ہے، مجھے وزیر اطلاعات بننے کا کوئی شوق نہیں ہے، ریلوے میں بہت خوش ہوں اور اسی شعبے میں کارکردگی دکھاؤں گا۔دوسری جانب برطانیہ کے دورے پر موجود وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کے لیے تیار ہوں، میں بطور ممبر قومی اسمبلی پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا لیکن یہ فیصلہ وزیراعظم کریں گے کہ اس وزارت کے لیے کون زیادہ موزوں ہے،جب تک وزیر ہوں ایڈورٹائزنگ لابی کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں آج جس مقام پر پہنچا ہوں وہ بھی وزیراعظم اور تحریک انصاف کی وجہ سے پہنچا ہوں، اگر وزیراعظم کہتے ہیں کہ بطور ایم این اےکام کروں تو وہی کروں گا۔شیخ رشید سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شیخ رشید رسمی بات نہیں کر رہے تھے، انہوں نے ایسے ہی بات کر دی، کوئی ایشو نہیں ہے، شیخ صاحب سے میرا قریبی تعلق اور دوستی ہے۔بعد ازاں افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقاتوں سے متعلق شیخ رشید خود بہتر بتا سکتے ہیں، فواد چوہدری 4 روز سے لندن میں ہیں وہ کل وطن واپس آ جائیں گے۔