اسلام آباد / لاہور(ایجنسیاں)منگل کا دن مسلم لیگ (ن)کیلئے انتہائی کڑاثابت ہوا‘نیب لاہور نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو پیرا گون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کرلیا‘ نیب لاہور خواجہ برادران کو آج(بدھ) کو احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرے گا‘نیب اعلامیہ کے مطابق سعد رفیق نے اپنی اہلیہ ‘بھائی‘قیصر امین بٹ اور ندیم ضیاءسے مل کرغیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی اور سوسائٹی ممبران کودھوکادیا‘ادھرایف آئی اے نے پنجاب اسمبلی میں اپوز یشن لیڈرحمزہ شہباز کوبیرون ملک جانے سے روک دیا، حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں تھا ‘ علاوہ ازیں (نیب)نے مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی‘ترجمان نیب کے مطابق مریم اورنگزیب کے خلاف جانچ پڑتال ہورہی ہے ‘مریم اورنگزیب نے کئی گاڑیاںاورگھررکھے ہوئےتھے‘ شکایت کنندہ کا نام نہیں بتاسکتے‘تفصیل آج جاری کریں گے ۔قومی احتساب بیورو (نیب)کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق سعد رفیق کے خلاف انکوائری کے دوران نیب آرڈیننس 1999 کی شق 9A کے تحت بد عنوانی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملنے کے بعد حقائق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ غزالہ سعد رفیق، بھائی خواجہ سلمان رفیق اور قیصر امین بٹ اور ندیم ضیاءسے مل کر ایئر ایونیو کے نام سے ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کیا جس کانام تبدیل کرکے بعد میں میسرز پیراگون سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ رکھا گیا۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ میسرز پیرا گون سٹی ایک غیر قانونی سوسائٹی ہے ۔ ملزمان نے ندیم ضیاءاور قیصر امین بٹ سے مل کر بڑے پیمانے پر سوسائٹی کے ممبران سے دھوکہ دہی کی اور غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبے کے فنڈز سے غیر قانونی طور پر ذاتی مفادات حاصل کئے۔ یہ ملزمان ایل ڈی اے کی منظوری کے بغیر واضح ہدایات کے باوجود لوگو ں سے رقوم اکٹھی کررہے تھے۔ ملزمان نے مذکورہ منصوبے سے مسلسل غیر قانونی طور پر فنڈز اور فوائد حاصل کئے ۔انہوں نے اپنے اور اپنے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے نام پر 40 کنال کے پلاٹ حاصل کئے۔ ملزمان نے اپنے سرکاری عہدے کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی منصوبہ کی توسیع اور مارکیٹنگ کی اور متعدد کمرشل پلاٹس بیچ کر فائدہ حاصل کیا جن کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے اور یہ پلاٹ حقیقت میں میسرز پیراگون سٹی کی ملکیت نہیں تھے۔ ادھرایف آئی اے نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا‘حمزہ شہباز اپنے بھائی سے ملنے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے لندن جا رہے تھے۔حمزہ شہباز کے مطابق بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے بعد جب وہ امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے کیونکہ ان کے خلاف نیب میں انکوائری چل رہی ہے ۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ وہ نیب میں چلنے والی انکوائری میں مطلوب نہیں ہیں۔تاہم اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب)نے مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی۔ترجمان نیب کے مطابق مریم اورنگزیب کے خلاف نیب کو شکایت موصول ہوئی تھی، ان کے خلاف شکایت کنندہ کا نام ابھی نہیں بتا سکتے۔ ترجمان نیب نے یہ بھی کہا ہے کہ شکایت کنندہ نے مریم اورنگزیب کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔