سونیا حسین پاکستان شوبز انڈسٹری کی ایک انتہائی باصلاحیت اداکارہ، ماڈل، میزبان اور وی جے ہیں۔ سات سال قبل جب اداکارہ سونیا حسین پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ بنیں، تب سے اب تک پروجیکٹس کے بہترین انتخاب کے باعث وہ اپنے لیے مضبوط جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔
ٹیلی ویژن پر کئی ڈراموں میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ سونیا حسین کو پاکستان فلم انڈسٹری کا بھی ایک بہترین اثاثہ مانا جاتا ہے۔ سونیا حسین کی پہلی فلم ’مور‘تھی، جسے جامی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی سونیا حسین 15جولائی 1991ء کو پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کرنے کے بعد انھوں نے کراچی یونیورسٹی سے MBAکی ڈگری حاصل کی، اس طرح سونیا حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی چند اعلیٰ تعلیم یافتہ اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
سونیا حسین نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2011ء میں 20سال کی عمر میں کیا اور اپنی بے شمار فنکارانہ صلاحیتوں کے باعث انھوں نے جلد ہی انڈسٹری میں اپنے لیے ایک مقام بنا لیا۔ 2014ء میں انھوں نے واصف محمد سے شادی کرلی۔
سونیا حسین خواتین کے حقوق پر یقین رکھتی ہیں اور خواتین کے مسائل پر بات کرنے سے نہیں گھبراتیں۔ انھوں نے اپنے ایک ڈرامے میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا، جس کی ایک تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوجاتی ہے اور پھر وہ کس دلیرانہ انداز میں اس مسئلے کامقابلہ کرتی ہے۔ سونیا حسین پہلے تو یہ کردار ادا کرنے سے خوفزدہ تھیں، تاہم اب وہ خوش ہیں کہ انھوں نے یہ کردار ادا کیا۔
سونیا حسین جہاں اپنے ایکٹنگ کیریئر میں شاندار انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، وہیں ان کا فیشن بھی قابل تعریف ہے اور ایسا کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان کا شمار پاکستان کی اسٹائل آئیکونز میں ہوتا ہے۔
سونیا حسین ٹیلی ویژن کی طرح، فلموں میں بھی مضبوط کردار ادا کرنے کی خواہاں ہیں اور وہ محض ایک شو پیس نہیں بننا چاہتیں۔ ’میں فلموں میں شو پیس کے طور پر کام کرنے کی حامی کبھی نہیں رہی، ڈانس کرتے ہوئے ہیرو کے پیچھے دوڑ لگانے والی ہیروئن بننا نہیں چاہتی، میری خواہش ہوتی ہے کہ میں ایسی فلموں میں کام کروں، جس کی اسٹوری میرے ارد گرد گھومتی رہے، جس کی کہانی کو میں آگے بڑھائوں، میرا کردار بہت جان دار ہو‘۔
سونیا حسین کے لیے IPPA ایوراڈ
سونیا حسین رواں سال لندن میں ہونے والی انٹرنیشنل پاکستان پریسٹیج ایوارڈ (IPPA)تقریب میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔ سونیا حسین یہ ایوارڈ جیتنے پر کہتی ہیں، ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ سینئر اداکارائوں کے ساتھ مجھے بھی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا اور میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میں ایوارڈ جیت جاؤں گی۔ میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں اور تمام دوستوں کا بھی، جنہوں نے ہر لمحہ میری رہنمائی کی۔ یہ ایوارڈ میرا نہیں بلکہ پاکستان کا ایوارڈ ہے اور اس ایوارڈ کو جیتنے کے بعد مجھ پر ذمے داریاں اور بڑھ گئی ہیں کہ میں پہلے سے بہتر کام کروں گی‘۔
سونیا حسین کی نظریں آسکر پر
سونیا حسین کی نظریں آسکر پر لگی ہیں۔ وہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ہالی ووڈ میں بھی بڑا نام کمانا چاہتی ہیں اور آسکر ایوارڈ کی ٹرافی کو پاکستان لانا چاہتی ہیں۔