• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما کے آغاز سے ہی مارکیٹس میں ڈینم کی فروخت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ شاپنگ کے دوران شاید ہی کوئی ایسی شاپ ہو، جہاں ڈینم کی ’ونٹر ورائٹی‘ موجود نہ ہو اور کلیکشن بھی ایسی کہ دل کرے سب خریدتے چلے جاؤ۔ سردیاں اور ڈینم دو ایسے خوبصورت ملاپ ہیں، جن کے بغیر اس موسم کا مزہ ادھورا سا لگتا ہے۔ سردیوں کی شاپنگ ہو اور ڈینم فیبرک(کسی بھی شکل میں) نہ خریدا جائے، یہ ناممکن سی بات لگتی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کی بات کی جائے ڈینم فیبرک کو مغرب کی روایت جان کر خواتین اس کےانتخاب سےکتراتی تھیں لیکن اب ڈینم مشرقی خواتین کا بھی انتخاب بن گیا ہے۔

ڈینم فیبرک کسی ایک نہیں بلکہ مختلف صورتوں (مثلاً مختلف ملبوسات، جوتے، بیگزاور گھڑیاں) مختلف رنگوں اورمختلف انداز میں دستیاب ہے۔ اگر آپ بھی ڈینم ویئر سے متعلق کچھ سوچ رہی ہیں تو درج ذیل اسٹائل آپ کو متوجہ کرسکتے ہیں لیکن پہلے مختصراً آپ کو ڈینم کی ایجادکے بارے میں بتاتے ہیں۔

ڈینم کی ایجاد

ڈینم کی بنیاد اس وقت پڑی جب ایک جرمن بزنس مین لوئب اسٹراس نے1870ء میں ایک جینز ڈیزائن کی۔ دراصل اسٹراس کی ایجاد کے پیچھے چھپی وجہ ورکشاپ میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے ایک ایسے کپڑے کی تیاری تھی جو کام کاج کے دوران پھٹے نہیں۔ ورکشاپ میں کام کرنے والے مزدوروں کا یہ فیشن ایسا پھیلا کہ ملکوں کے سربراہان سے لے کر نامی گرامی فلم اسٹارز تک کے وارڈ روب میں جینز لازمی موجود ہوتی ہے۔

ڈینم کے گہرے رنگ

رواں برس نیلے کے علاوہ ڈینم کے گہرے رنگ والے ملبوسات کو خاص اہمیت حاصل ہے، جن میں سیاہ رنگ پیش پیش ہے۔ڈینم کا سیاہ رنگ سیلیبرٹیز کی اولین ترجیح ثابت ہورہاہے۔ مشہور زمانہ فٹبالرڈیوڈ بیکھم کی اہلیہ اور سابقہ اسپائس گرل وکٹوریہ بیکھم جو کئی عرصہ سے فیشن کے میدان میں خاصا آگے نکل چکی ہیں، اس برس انھوں نے پیرس کے سفر میں ڈینم کی گہری رنگ کی بیلٹڈ جیکٹ اور جینز کا انتخاب کیا۔ دوسری جانب امریکن ماڈل بریجی ہینن کو بھی سیاہ ڈینم کے ملبوسات میں سفید جوتوں کے ساتھ خاصے دلکش انداز میں دیکھا گیا ۔

ڈینم کرتی

مشرقی ممالک میں ڈینم کی مختلف رنگوں اور اسٹائل والی کرتیاںنوجوان لڑکیوں میں بے حد مقبول ہیں ۔مارکیٹس میں ڈینم کرتیوں کی اتنی وسیع رینج موجود ہے کہ انتخاب مشکل محسوس ہونے لگتا ہے۔ ڈینم کی کرتیوں میں اس سال کا بہترین اضافہ ایمبرائیڈڈ کرتیاں ہیں۔ ڈینم فیبرک پرخوبصورت پھلواری کام خواتین کو انفرادیت اور دلکشی عطا کرتا ہے ۔مشرقی اور مغربی اسٹائل کی کرتیاں سردیوں کے لیے شاپنگ میں نہ صرف لڑکیوں بلکہ خواتین کا بھی انتخاب بن جاتی ہیں۔

ڈینم جینزٹرینڈ

ڈینم جینز کا فیشن نیا نہیں برسوں پرانا ہے۔ صدیاں گزرنے کےباوجود ڈینم کی اہمیت میں کہیں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ جہاں سیلیبرٹیز ڈینم کے معروف برانڈ کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کرتے ہیں، وہیں عام انسان ڈینم کی ایک کاپی جینز کے لیے ہزاروں خرچ کرتے نظر آتے ہیں لیکن سب کا انتخاب ہوتا ڈینم ہی ہے۔ خواتین میں مقبول ڈینم جینز کی بات کی جائےتو رواں برس ڈینم بیگی جینز ،لیگی اور ڈینم پلازو اسٹائل جینز بے حد مقبول ہے۔ ڈینم جینز لمبی کرتی کے ساتھ بھی بے حد جچتی ہے۔ اگر آپ مشرقی لباس پہننے کی قائل ہیں تو اس برس اپنی وارڈروب میں ڈینم پلازو اسٹائل جینز کا اضافہ کیجیےاوراپنی تیاری کوایک خاص لک دیجیے۔

ڈینم جیکٹ

فیشن ایکسپرٹ ڈینم جیکٹ کو ملٹی فنکشنل قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سردیوں میں ڈینم جیکٹ نہ لی تو سمجھیں کچھ نہیں لیا۔ اس جیکٹ کا انتخاب آپ چاہے فراک سادہ سی کرتی یا ساڑھی پر بھی کیا جاسکتا ہے،اس انتخاب کے ذریعے آپ اپنی شخصیت میں دلکشی اور ماڈرن لُک محسوس کریں گی ۔

ڈینم سینڈل اور سلیپر

موسم سرما میں ڈینم شوز کا فیشن تو مقبول ہوہی جاتا ہے لیکن اس برس ڈینم سلیپراور ڈینم سینڈل کے دلچسپ انداز آپ کو متوجہ کرنے کے لیے کافی ہیں۔ یہ اسٹائل آپ کی شخصیت اورفیشن کی عکاسی کرتے ہوئے آپ کی ڈریسنگ کو ایک منفرد تاثر دیتے ہیں ۔ 

تازہ ترین