• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں فلیٹ چھپایا،حکومت کا زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد(جنگ نیوز،ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کے امریکا میں فلیٹ کی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے اور فلیٹ کو گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن میں انکی نااہلی کیلئےریفرنس دائر کرنےکااعلان کیاہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفوادچوہدری نےدعویٰ کیاکہ آصف زرداری کا امریکا میں فلیٹ سامنے آیا ہے، آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کے تحت منتخب نمائندے کو اثاثے بتانے ہوتے ہیں مگر آصف زرداری کی جانب سے جو گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں ان میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں لہٰذا پارٹی نےخرم شیرزمان کو ذمہ داری دی ہے کہ زرداری کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں کیونکہ آصف زرداری اثاثے چھپانے پر اب ممبر قومی اسمبلی رہنے کے اہل نہیں رہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری اپنے آخری الیکشن لڑ چکے ہیں، دونوں کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل دکھائی نہیں دیتا ، یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں، پاکستان کی سیاست میں صحت مندانہ ماحول سامنے آئے گا، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں، نوازشریف، شہباز شریف اور سعد رفیق، یا پیپلزپارٹی کے لوگوں کیخلاف تحقیقات کا آغاز انکی اپنی حکومتوں میں ہواتھا، انہوں نے اپنے دور میں اداروں کو تحقیقات نہیں کرنے دی، ہم نے آکر صرف ان اداروں پر سے دباؤ ختم کیا اسلئےاب تحقیقات ہورہی ہیں جو آزادانہ طور پر آگے بڑھ رہی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم نے کرپشن فری سیاسی نظام لانے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے اداروں، تحقیقاتی ایجنسیوں کو فری ہینڈ دیاہےاور یہ فری ہینڈ تمام جماعتوں کیلئےہے،یہ کہتے ہیں تحریک انصاف کے فلاں کی تحقیقات نہیں ہوئی، ہم اس سے پہلے وفاقی حکومت میں نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف تحقیقات سے عالمی سطح پر مثبت امیج جارہا ہے اسلئے سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی تاریخ کی بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے،بین الاقوامی کمپنیوں نے یہاں سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے، پرتگال نے پاکستان کیلئے اپنی سفری پالیسی تبدیل کی اب پاکستان انکےلئےگرین زون ہے، امید ہے دیگر ممالک بھی پاکستان کیلئےاپنی پالیسی تبدیل کرینگے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی رحم کی بنیاد کو آگے لے کر چل رہے ہیں، حامد انصاری کو اسی بنیاد پر رہا کیا گیا، کرتارپور راہداری کے موقع پر بھارتی میڈیا نے حامد انصاری کا معاملہ اٹھایا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ فیصل واوڈا کا اپارٹمنٹ گوشواروں میں ظاہر کیاگیاہے،عابد شیر علی نے اپارٹمنٹ کا معاملہ ان دستاویزات سےلیاہےجوفیصل واوڈا نے جمع کرائےہیں۔

تازہ ترین