دنیا بھر میں سیلیبرٹیز ہی ہوتی ہیں،جو فیشن ٹرینڈز کو سیٹ کرتی ہیں اور سبھی ستاروں کی ترجیح یہی ہوتی ہے کہ وہ فیشن ٹرینڈز کو متعارف کروانے میں پہل کریں ۔ فیشن کی پل پل بدلتی دنیا میں کوئی بھی ٹرینڈ آن کی آن میں ہر جگہ پھیل جاتا ہے ۔ اب تو ویسے بھی ٹی وی چینلز پر ریمپ پر فیشن کے جلوے بکھیرتی ماڈلز کو براہ راست دکھایا جاتا ہے۔ فیشن ورلڈ میں میلان، پیرس، نیویارک، دبئی اور لندن دنیا بھرمیں فیشن ٹرینڈز سیٹ کرتے ہیں۔ تاہم ہالی ووڈ کے ستارے بھی کئی ہاتھ آگے ہیں، جو 2019ء کے ٹرینڈز کو سامنے لارہے ہیں ۔ آئیں دیکھیں کہ آئندہ سال ہمیں کیا نیا دیکھنے کو ملے گا۔
منفرد و عجیب پینٹس
بیلا ہیڈڈ خوبصورت ترین سپر ماڈل میں سے ایک ہے لیکن فیشن اپنانے یا متعارف کروانے میں بھی وہ بہت جرأت کا مظاہرہ کرتی ہے۔ ریمپ پر اس کے فیشن کےانتخاب کو دیکھ کر سبھی چونک بھی جاتے ہیں۔ حال ہی میں بیلا کو ایک عجیب و غریب پینٹ پہنے دیکھا گیا۔ ابھی یہ اسٹائل عجیب و غریب ہے لیکن پچاس سال پرانے بیلا کے اس فیشن کو سبھی لڑکیاں اپنانے والی ہیں اور1970ء کی ڈسکو کوئن بننے والی ہیں۔
یہ پینٹ مشرقی شرارے جیسی ہے اور اس میںچوڑی بیلٹ کے ساتھ اوپر بٹن بھی ہے ، اس پر پہنی جانے والی شرٹ آدھی اندر اور آدھی باہر ہو سکتی ہے۔
چھوٹے چشمے
آئند ہ برس آپ کو بڑے بڑے سن گلاسز کے بجائے چھوٹے اور پتلے سن گلاسز لگائی لڑکیاں دکھائی دیں گی۔ کینڈل جینر اور ملی سائرس نے یہ ٹرینڈ سیٹ کیا ہے۔ ویسے یہ کوئی نیا ٹرینڈ نہیں ہے، لیکن فیشن چونکہ گھوم پھر کر واپس آتاہے ، اسی لئے اب ان چشموں کو جدت کے ساتھ پیش کیا جارہاہے۔
چنکی بیلٹ
صرف بیلا ہی نہیں بلکہ ان کی بہن جیجی ہیڈڈ بھی عجیب و غریب ٹرینڈز سیٹ کرنے میں اپناثانی نہیں رکھتیں۔ آج کل وہ چنکی بیلٹ پہن رہی ہیں تو کچھ بعید نہیں کہ2019ء میںدیگر ماڈلز بھی چنکی بیلٹ کے نت نئے ڈیزائن پہن رہی ہوں۔ بہرحال ایسا ہی فیشن2008ء میں آیا تھا۔ بہرحال2018ء میں جب ہیڈڈ سسٹرز نے چوڑے بکل والے بیلٹس پہن ہی لیے ہیں تو آئند ہ برس بھی ان کو یہ پہنے جا بجا دیکھا جاسکے ہے۔
کائو گرل بوٹس
وائلڈ ویسٹ کے یادگار کائو بوائے بوٹس کو جب خواتین نےپہناتو ان کو کائو گرل بوٹس کا نام ملا۔ ہالی ووڈ فلموں نے بھی اس قسم کے بوٹس کو ترویج دی۔ اب جبکہ سپر ماڈلز ہیلی بالڈوِن اور روزی ہنٹنگٹن نے یہ کائو گرل بوٹس پہن کر سڑکوں پر مٹر گشت کرنا شروع کردیا ہے تو یہ آئندہ برس نیا فیشن ٹرینڈ بن کر سامنے آنے والا ہے۔ ویسے بھی یہ ہائی ہیل کی نسبت قدرے آسان فیشن ہے، بس اس میں پیر ڈالے اور زپ بند کرلی۔ اگر فیشن کے طور پر نہ اپنائیں توبھی آپ کسی ہالووین پارٹی میں کائو گرل بن کر جا سکتی ہیں۔
فینی پیکس
فینی پیکس بھی 1990ءکی یاد دلاتا ہےلیکن اب یہ کمر کے گرد نہیں بلکہ کندھے کے اوپر سے پہنا جائے گا۔ اس ٹرینڈکا آغاز حال ہی میں ہوا ہے اور فیشن نقاد کہتے ہیں کہ یہ 2019ء میںبھی جاری رہے گا۔ لازمی بات ہے یہ 1990ءجیسے فیشن کی طرح تو نہیں ہوں گے ،اس میں نئے زمانے کا نیا تڑکا بھی لگایا جائے گا۔ اس فیشن کو کینڈل جینر نے ایک رن وے پر متعارف کروایا اور پھریہ ہاتھوں ہاتھ لیے جانے لگے۔ لوگوں نے اس پر بھنوئیں بھی چڑھائیں لیکن کوئی بات نہیں، ہر فیشن کو پہلے اچنبھے سے دیکھا جاتاہے اور پھر اسے اپنانے میں فخر محسوس کیا جاتاہے۔
وائٹ ٹینک ٹاپ
اگر آپ کو رنگوں کا انتخاب کرنا نہیں آتا یا آپ کوئی بھی بھڑکیلا فیشن اپنانےمیں مخمصے کا شکار ہوجاتی ہیںتو سفید شرٹ اٹھائیں اور آنکھیں بند کرکے پہن لیں۔ آپ کے لیے2019ءکا سب سے آسان فیشن پیور وائٹ ٹینک ٹاپ ہے، جسے سیلیبرٹیز بھی کمرسے اُوپر باندھی جانے والی پینٹ کے ساتھ اپنا رہی ہیں۔ کم کرڈیشیان کی طرف سے سیٹ کردہ یہ ٹرینڈہر جگہ مقبول ہوتا جارہاہے۔