پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری چلے ہوئے کارتوس ہیںان کے اندر یا باہر ہونے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے ڈی جی پی آر میں اپنے محکمے کی 100روزہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر بھرپور تنقیدکی۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری چلے ہوئے کارتوس ہیں عوام انہیں آزما چکے،اب ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، وہ اندر ہو جائیں یا باہر ہوجائیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے سابقہ حکومت کے ناکام منصوبوں اور ان میں ہونے والی کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے نون لیگ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کا سب کیا دھرا آپ کے سامنے ہے، ان اداروں اور اتھارٹیز کے ہاتھ باندھ دیے گئے، ان میں کرپشن کے پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،ڈھائی ارب روپے صاف پانی پر لگا۔
محمود الرشید نے یقین دلایا کہ پہلے مرحلے میں جنوری فروری سے 12ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں مارچ سے 14ہزار گھروں کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان گھروں کی تعمیر کے لیے دو لاکھ کینال زمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے جبکہ صوبے میں کلین ڈرنکنگ واٹر اتھارٹی اور ہاوسنگ کے لیے پنجاب ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔