• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7جنوری تک توسیع کر دی۔

آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور میگا منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، اس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت کا کل آخری دن تھا۔

سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کی پیشی کے موقع پر کراچی کی بینکنگ کورٹ کے باہر پولیس نے سیکیورٹی بڑھا دی گئی ، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی بینکنگ کورٹ کے باہر موجود تھے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے بینکنگ کورٹ کا گیٹ غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کر دیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے قبل ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بینکنگ کورٹ پہنچے۔

اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی گرفتاری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کیس کی سماعت مکمل ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

فاروق ایچ نائیک نے یہ بھی کہا کہ کیس کاحتمی چالان جمع نہیں ہوا ہے، چالان کے بغیر گرفتاری ممکن نہیں،ہم نے سپریم کورٹ میں کیس سے متعلق درخواست دی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی بینکنگ کورٹ پہنچے تھے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ آئے ہیں اس لیے عدالت آیا ہوں، پیپلز پارٹی کے کارکن بھی ایسے ہی آئے ہیں، کوئی خاص بات نہیں ہے۔

سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک بھی عدالت میں موجود تھے، جنہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ یہاں سے پرامن طور پر روانہ ہو جائیں۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کی بینکنگ کورٹ میں آمد کے موقع پر وہاں موجود سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی کارکن کو یہاں پہنچے کا نہیں کہا ، کارکنان اپنی مرضی سے اور آصف زرداری کی محبت میں عدالت آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے لیڈرز بیان بازی سے گریز کریں، وزیراعظم سے اپنی حکومت نہیں چلتی نہ انہیں اپنی حکومت کا معلوم ہے۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ ڈالراور گیس کی قیمت بڑھ رہی ہے، موجودہ حکومت لندن سے فلیٹ نکال کے لے آتی ہے۔

بینکنگ کورٹ کے باہر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدالت آمد کے موقع پر ضمانت کے بعد باہر جانے کے موقع پر ان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ آج عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف زرداری کو گرفتار کر لیا جائے گا، اسی صورت حال کے پیش نظر پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں بینکنگ کورٹ پہنچے تھے۔

تازہ ترین