لاہور...... پنجاب اسمبلی میں خواتین پروٹیکشن بل کی منظوری پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ’زن مرید ‘ کا خطاب دیا ہے۔ جس پر ایک رکن اسمبلی نے مولانا کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے ۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین پر تشدد کے خلاف بل کی منظوری پر ایک سوال کے جواب میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے مخصوص انداز میں ارکان صوبائی اسمبلی کو آڑھے ہاتھوں لیا۔
کوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران مولانا نے ارکان پنجاب اسمبلی کو ’زن مرید‘ ہونے کا طعنہ دے ڈالا ۔ مولانافضل الرحمٰن کا یہ بیان ارکان پنجاب اسمبلی کو برداشت نہ ہوا۔
ایک حکومتی رکن طاہرجمیل نے مولانا کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ مولانا کا بیان پورے ایوان کی توہین ہے ،وہ پنجاب اسمبلی کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر معافی مانگیں۔