• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ای او سرگودھا یونیورسٹی کا پوسٹمارٹم آج ہوگا

کیمپ جیل لاہور میں انتقال کر جانے والے سرگودھا یونی ورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں جاوید کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا، ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

کرپشن کیس میں گرفتار میاں جاوید کا انتقال کیمپ جیل لاہور میں ہوا، وفات کے بعد بھی ان کے ہاتھ پر لگی ہتھکڑیاں نہ کھولی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مصطفیٰ نواز نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر جاوید کی پراسرار موت اور میت کو ہتھکڑیاں لگی تصاویر سے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، پروفیسر جاوید کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔

حکام کاکہناہےکہ پروفیسر جاوید کا انتقال جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

کیمپ جیل میں بند میاں جاوید سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کیس میں نیب کے زیر تفتیش تھے۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ پروفیسر کو صحت مند حالت میں منتقل کیا گیاتھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے بھی ڈی جی نیب اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو طلب کرلیا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ موت کے بعد ملزم کی ہتھکڑیوں میں تصویر سامنے آنا تشویشناک ہے، یہ کیسا احتساب ہے جس کا دائرہ اساتذہ اور سیاستدانوں سے آگے نہیں بڑھ رہا۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ استاد کے مرنے کے بعد ہتھکڑی لگنا افسوسناک ہے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ زیر حراست میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی لاش مہذب معاشرے، انسانیت اور احتساب کا قتل ہے، اِس واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

پروفیسر جاوید کی نماز جنازہ آج نمازِ ظہر کے بعد ادا کی جائے گی۔

تازہ ترین