• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیانی انفنٹینو فٹ بال عالمی تنظیم ’ فیفا‘کے نئے صدر منتخب

Latest News
زیورخ ....جنگ ویب ڈیسک.....فٹ بال کی عالمی تنظیم ’ فیفا‘ کے ارکان نے سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے وکیل جیانی انفنٹینو کو تنظیم کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔’ فیفا‘ کے نومنتخب صدر کو پانچ زبانوں اطالوی، فرانسیسی، جرمن، انگریزی اور ہسپانوی پر عبور حاصل ہے۔

ان کا انتخاب زیورخ میں واقع’ فیفا‘ کے صدر دفتر میں ایک اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں تنظیم کے 209 رکن ملکوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ پہلے مرحلے میں کسی امیدوار کے واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں انفنٹینو نے 115 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

ان کےقریب ترین حریف امیدوار اور بحرین کے شاہی خاندان کے رکن شیخ سلمان الخلیفہ سے 27 ووٹ زیادہ حاصل کیے جنہیں ’ فیفا‘ کی صدارت کے لیے فیورٹ سمجھا جارہا تھا۔

سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کی دہری شہریت رکھنے والے انفنٹینو اس سے قبل یورپ میں فٹ بال کی منتظم تنظیم’یوفا‘ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔جیانی انفنٹینو نے تنظیمِ نو اوراس کی ساکھ بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انفنٹینو کو سیپ بلاٹر کی جگہ’ فیفا‘ کا صدر منتخب کیا گیا ہے جنہیں بدعنوانی کے الزامات کے باعث رکن ملکوں کے دباؤ کے باعث گزشتہ سال اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔

نئی اصلاحات کے تحت ’ فیفا‘ کے فیصلہ ساز ادارے ایگزیکٹو کمیٹی کی جگہ ایک منتخب کونسل قائم کی جائے گی جس میں خواتین کو زیادہ نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دنیا میں ویمن فٹ بال کو فروغ مل سکے۔

نئی منظور کردہ اصلاحات کے تحت ’ فیفا‘ کے تمام اعلیٰ عہدیداران کی تنخواہیں اب خفیہ نہیں رکھی جائیں گی جب کہ کوئی بھی شخص تنظیم کے صدر کے عہدے پر زیادہ سے زیادہ 12 برس تک فائز رہ سکے گا۔


تازہ ترین