امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کی طرف سے پنجاب میں بسنت منا نے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے لوگوں کو پتنگ بازی میں مصروف کرنا چاہتی ہے ۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرا ج الحق نے کہا کہ حکومت سے قوم کا مطالبہ ہے بچوں کے ہاتھ میں کتاب اور قلم تھمائے، بسنت اور پتنگ کا مطالبہ کسی نے نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بنائی جانے والی بسنت میں پتہ نہیں کتنے بچے قاتل ڈور سے مریں گے ؟ حکومت بتائے کہ بسنت منانے کا مطالبہ کس نے کیا ؟ ہم اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں ۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم ایساپاکستان چاہتے ہیں جس میں انصاف سب کیلیے ہو،،وفاقی اور صوبائی بجٹ میں زراعت کے شعبے کیلیے مطلوبہ فنڈ رکھاجائے، حکومت کی طرف سے کسانوں کو سستا بیج ،کھاد اور دوائیں دی جائیں۔