• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو تاریخ ساز اور مدبر رہنما تھیں، سرور رانجھا

لندن( پ ر)پیپلز پارٹی برطانیہ کے رابط سیکرٹری سرور رانجھا اور پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینر رہنما خواجہ معین الدین سید نے شہید بینظیر بھٹو کو ان کے 11 ویں یوم شہادت کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تاریخ ساز، مدبر و بہادر رہنما تھیں۔ وہ اپنی ذات میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان تھیں۔ ان کے قتل سے درحقیقت خوشحال، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب پر شب خون مارا گیا ۔ عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم کے یوم شہادت کے موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو سیاست میں قدم رکھنے کے بعد ایک پل بھی چین سے نہیں بیٹھیں۔ بطور سیاسی رہنما وہ زندگی بھر ملک میں اتحاد و ہم آہنگی کو فروغ، عوامی حقوق و مفادات کی حفاظت اور ترقی پسندی و روشن خیالی کو تقویت دینے کے لئے سرگرمِ عمل رہیں جب کہ بطور وزیراعظم انہوں نے ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے عوام دوست پالیسیاں متعارف اور عوامی خدمت پر مبنی بے شمار اقدامات اٹھائے، عالمی سطح پر پاکستان کا درست و مثبت امیج اجاگر کیا اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے ایٹمی پروگرام پر مصلحت کا شکار ہوئے بغیر میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ اور شہید بینظیر بھٹو کا فلسفہ روشن پاکستان کی جانب جانے والا واحد راستہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فکر و فلسفے پر سختی سے کاربند ہے اور ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے اپنی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ہر سال 27 دسمبر کو منائی جانے والی برسی مساوات پر مبنی جمہوری پاکستان کے دشمنوں کے لئے پیغام ہے کہ ان کی شکست ناگزیر اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن ناقابل تسخیر ہے۔
تازہ ترین