آج پاکستان کی دو مرتبہ خاتون وزیر اعظم رہنے والی بے نظیر بھٹو شہید کی برسی ہے جنہیں 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں ایک جلسے کے بعد دہشت گردوں نے شہید کر دیا تھا۔
شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت سندھ کے مختلف شہروں میں بے سہارا خواتین کو معمولی وظیفہ بھی اب کٹوتی کے بعد دیا جا رہا ہے، بے بس خواتین اسی رقم کو غنیمت جان کر خاموش ہیں۔
مستحق خواتین کو ہر 3ماہ بعد 5ہزار روپے وظیفہ لینے کے لیے کتنی اذیت و پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کا تصور ہی محال ہے، لیکن یہ معمولی وظیفہ بھی ان بے سہارا خواتین کو کٹوتی کے بعد ہی ملتا ہے۔
میرپورخاص ڈویژن کے تین اضلاع تھر پارکر، عمر کوٹ اور میر پور خاص میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 97 ہزار بے سہارا خواتین بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ ہیں، تاہم اس کے باجود اس پروگرام سے رہ جانے والی خواتین کے آئے دن احتجاجی مظاہرے بھی روز کا معمول بن چکے ہیں۔
بی آئی ایس پی کے تحت رجسٹرڈ مستحق خواتین کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم اس پروگرام سے وابستہ حکام کا دعویٰ ہے کہ شکایات ملنےپر کارروائی ضرور ہوتی ہے۔
حال ہی میں ایسی شکایات پر 6سے زائد فرنچائزرز کے لائسنس منسوخ بھی کیے گئے ہیں۔