• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اسکارلیٹ جوہانسن‘‘ خوبصورتی اور ذہانت کا بہترین امتزاج

2018ء میں ہالی ووڈ کی مہنگی ترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کرنے والی اسکارلیٹ جوہانسن کا شمار ہالی ووڈ کی پُرکشش ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ اسکارلیٹ ہالی ووڈ کی واحد اداکارہ ہیں جنھیں Esquire'sمیگزین نے دوبار پرکشش خاتون کے اعزاز سے نوازا ہے جبکہ People's میگزین ان کے کیریئر کے دوران کئی بار ’خوبصورت ترین‘ اداکارہ کا اعزاز دے چکا ہے۔ بلاشبہ، اسکارلیٹ  جوہانسن بلا کی خوبصورت ہیں، تاہم اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ان کی کامیابی محض ان کی خوبصورتی کی مرہونِ منت ہے تو آپ غلطی پر ہیں۔

جوہانسن نے بار بار اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ ہالی ووڈ میں ان کی کامیابی محض اتفاق نہیں۔ انھوں نےThe Avengers: Infinity War میں مارویل کے مشکل کردار کو انتہائی مہارت اور اعتمادکے ساتھ ادا کیا۔Her میں انھوں نے صرف اپنی آواز سے کئی دلوں کو توڑ ڈالا جبکہ Lost in Translationمیں ان کی زبردست اداکاری کو بھلا کون بھول سکتا ہے، جس میں انھوں نے بِل مرے جیسے بہترین اداکار کے مقابل اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔ ویسے بھی 18سال کی عمر میں Rolling Stoneمیں ان کی اداکاری کو دیکھ کر ہی فلم بینوں اور ناقدین کو اندازہ ہوگیا تھا کہ مستقبل اسی لڑکی کا ہوگا اور آج یہ بات بلا جھجک کہی جاسکتی ہے کہ اُس وقت یہ پیش گوئی کرنے والے بالکل دُرست تھے۔

اسکارلیٹ جوہانسن ایک باصلاحیت گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کی والدہ ایک آرکیٹیکٹ تھیں اور وہ بھی اداکارہ بننے کی خواہش رکھتی تھیں۔ جوہانسن اوران کے بہن بھائی ایک ایسے گھرانے میں پلے بڑھے جہاں سنیما کو ’غذا‘ کی حیثیت حاصل تھی۔ جب جوہانسن 8برس کی ہوئیں تو ان کی والدہ نے انھیں Lee Strasberg Theatre Institute for Young People نامی ادارے میں داخل کروادیا۔ ان کی والدہ کو اس وقت ہی اندازہ ہوچکا تھا کہ ان کی سب سے کم عمر اولاد (اسکارلیٹ جوہانسن) بڑی ہوکر اداکارہ بنانے کی اپنی والدہ کی خواہش کو نہ صرف پورا کرے گی بلکہ ایک دن بڑی اداکارہ بھی بنے گی۔ اسکارلیٹ  جوہانسن کی بڑی بہن ایک کامیاب ’وائس اوور آرٹسٹ ‘ ہیں، جب کہ اسکارلیٹ کا جڑواں بھائی ہنٹر جوہانسن ایک کامیاب کمیونٹی آرگنائزر ہے اور وہ سابق امریکی صدر بارک اوباما کی انتخابی مہم کا سرگرم رکن بھی رہ چکا ہے۔

اگر اسکارلیٹ جوہانسن اداکارہ نہ بنتی تو وہ یقیناً ایک کامیاب گلوکارہ ہوتیں۔ انھوں نے اپنے 2 اسٹوڈیو البم Anywhere I Lay My Head (2008)اور Break Up (2009)ریلیز کیے۔ تاہم جوہانسن نے گلوکاری کے شوق کو بالکل ترک نہیں کیا۔ اپریل 2018ء میں انھوں نے Bad Dreamsنامی سنگل جاری کیا ہے۔

اسکارلیٹ جوہانسن کہتی ہیں کہ وہ ڈزنی پرنسز بننا چاہتی ہیں۔ ’کہتے ہیں کہ جب آپ ایک خواب کو بار بار دیکھتے ہیں تو ایک نہ ایک دن وہ خواب آپ پالیتے ہیں۔ شاید میں نہیں تو ایک دن میری بیٹی ڈزنی پرنسز ضرور بنے گی‘۔

کئی طرح کے مشکل اور پیچیدہ کردار ادا کرنے والی اسکارلیٹ جوہانسن کہتی ہیں کہ انھوں نے فلموں میں تو کئی طرح کے کردار ادا کیے ہیں، جن کے لیے انھیں کافی مشکل سے تیاری کرنا پڑتی ہے، تاہم ان کی زندگی کا مشکل ترین کردار 2014ء میں اس وقت شروع ہوا جب ان کے ہاں ایک پیاری سی بیٹی ’روز ڈوروتھی‘ پیدا ہوئی۔ ’بلاشبہ یہ لائف ٹائم کردار ہے اور ممکنہ طور پر میری زندگی کا سب سے مشکل کردار بھی‘۔ وہ مزید کہتی ہیں، ’میں یہ دعویٰ نہیں کرتی کہ میں ایک بچی کی ماں بننے کی ساری باتیں جانتی ہوں کیونکہ ورکنگ مدر بننا کافی چیلنجنگ ہوتا ہے۔ یہ ایک ناقابلِ یقین تحفہ ہے۔ وہ مجھے اپنا سپر ہیرو مانتی ہے‘۔ جوہانسن کی بیٹی اتنی غلط بھی نہیں ہے، کیونکہ ہر ماں سپر ہیرو ہی ہوتی ہے۔

اسکارلیٹ جوہانسن ہالی ووڈ کی ’سیاسی طور پر باخبر‘ اداکارہ بھی ہیں اور وہ اس کا کھل کر اظہار کرتی ہیں۔ وہ معاشرے میں اپنے اسٹیٹس کو انتہائی ذمہ داری سے استعمال کرنے کا ہنر بھی جانتی ہیں۔ اسکارلیٹ نے جنوری 2017ء میں واشنگٹن میں خواتین کی جانب سے کیے گئے مارچ میں شرکت کی۔ اس مارچ میں اسکارلیٹ جوہانسن نے ایک انتہائی طاقتور خطاب بھی کیا۔ انھوں نے کہا، ’صدر ٹرمپ، میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا تھا۔ میں چاہتی ہوں کہ آپ کو سپورٹ کروں۔ لیکن اس سے پہلے یہ کہیں کہ آپ مجھے سپورٹ کرتے ہیں، آپ میری بہن کو سپورٹ کرتے ہیں، آپ میری ماں کو سپورٹ کرتے ہیں، آپ میری بیٹی کو سپورٹ کرتے ہیں‘۔

2017ء کے مقابلے میں رواں سال کے دوران اسکارلیٹ جوہانسن کی آمدنی میں تین گُنا اضافہ ہوا اور اس اضافے کا کریڈٹ ان کی سپر ہیرو مووی Avengersکو جاتا ہے۔ اس فلم کی زبردست کامیابی کے باعث وہ 40.5ملین ڈالر کمانے میں کامیاب رہیں اور سال کی سب سے مہنگی اداکارہ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ توقع ہے کہ 2019ء میں اس سپرہیرو سیریز کی چوتھی فلم کی ریلیز کے ذریعے، اسکارلیٹ جوہانسن آئندہ سال بھی اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھیں گی۔

تازہ ترین