پھول، پودے، بوٹے اور گلدان گھروں، دفاتر اور بیٹھک کی جگہوں کے انٹیریر کے حسن اوردلکشی کو دوبالا کردیتے ہیں۔ پھول اور پودے گھر کو رہنے کے لیے پسندیدہ اور ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں۔ وِنسٹن فلاورز، نیویارک سٹی کے کریئٹو ڈائریکٹر برائے گارڈن ڈیزائن میٹ میکینا کہتے ہیں،’گھر کو زندگی بخشنے اور اس کی موجودہ تزئین و آرائش میں اضافہ کرنے کے لیے سبزے کے مختلف شیڈز کو کمرے میں شامل کرنا ایک بہترین اقدام ہے۔ صرف یہی نہیں، پودوں کے ہماری صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ کئی پودے ہوا سے زہریلے مواد کو ختم کرنے کے علاوہ مطلوبہ نمی بھی فراہم کرتے ہیں‘۔
جین لینڈینو، لندن کے معروف انٹیریئر ڈیزائننگ ادارے ٹیلر ہوئز کے ڈیزائن ڈائریکٹر ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’گھر میں پودے لگانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ آؤٹ ڈور کو اپنے گھر کے اندر لے آتے ہیں۔ پودے آپ کے گھر کو زندگی بخشتے ہیں اور گھر کو رہنے کے لائق بناتے ہیں۔ پودے ہوا کو صاف کرتے ہیں، آلودگی کو دور کرتے ہیں اور گھر کو مہکتی خوشبو عطا کرتے ہیں‘۔
جگہ کے بارے میں سوچیں
گھر کو سرسبز بنانے کیلئےخوبصورت کنٹینر میں رکھا گیا ہاؤس پلانٹ، کمرے کا فوکل پوائنٹ بن جاتا ہے۔ گھر میں پودے لگانے کے لیے کمرے کی نوعیت کے مطابق کنٹینر کا انتخاب کرنا سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ جگہ کی مناسبت سے موزوں اونچائی کے پودے اور کنٹینر، ان کا رنگ اور مٹیریل کا انتخاب کرنا ایک چیلنجنگ کام ہے۔ اونچی چھت والے کمرے میں زیادہ اُوپر رکھے کنٹینر میں کم اونچائی والا پودا لگانا بہتر رہتا ہے، یہ چیز کمرے میں دلچسپی پیدا کرتی ہے۔ ایک اور طریقہ یہ ہے کہ ایسے کمرے میں کنٹینر کو کسی پہیے یا ستونوں والی چیزپر رکھا جائے۔ کم اونچائی والے پودے جیسے Rhipsalis(کیکٹس کی طرح کا خاردار پودا) کو اگر دیوار کے ساتھ کھڑی سائیکل یا وال ٹیبل پرکنٹینر میں رکھا جائے تو یہ روایتی تاڑ (Palm)یاپیپل کے پودے (Ficus) کے مقابلےمیں زیادہ دلکش منظر پیش کرتا ہے۔
تخلیقی بنیں
گھر میں موسم کے مطابق پھولوں اور پودوں کی تبدیلی ایک اچھی سوچ ہے۔ قدرت نے کئی پودے موسم کی مناسبت سے تخلیق کیے ہیں۔ اس کے بیک وقت کم از کم دو فائدے ہیں۔ ایک، یہ قدرت کے موسمی فوائد گھر میں منتقل کرتے ہیں اور دوسرا، یہ موسم کے منفی اثرات کو اپنے اندر جذب کرتے ہیں۔
پودوں کا خیال رکھنا
گورڈن ڈیزائنز، کیلی فورنیا کے کِم گورڈن کہتے ہیں، ’یہ خیال کیا جاتا ہے کہ گھر کے اندرونی حصے میں بیرونی ماحول پیدا کرنے کے لیے پودے لگائے جاتے ہیں۔ تاہم یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پودے بھی جاندار ہوتے ہیں، جنھیں درست روشنی، صفائی اور باتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے گھر میں کوئی ایسا فرد ہونا چاہیے، جو پودوں کی ان تینوں ضروریات کا خیال رکھے۔ اگر پودے کو اپنی جگہ پسند نہیں آئے گی تو وہ بغاوت پر اُتر آئے گا اور افسردہ و غمزدہ محسوس ہوگا۔ اس لیے آپ اپنے گھر کے لیے پودوں کا انتخاب کرنے سے پہلے ان چیزوں کو مدِنظر رکھیں کہ آپ ان کی کون سی ضروریات پوری کرسکتے ہیں اور کون سی نہیں جیسا کہ روشنی، ہوا کا گزر اور درکار وقت۔
اظہار کا ذریعہ
کچھ لوگ کمرے کو بھرا بھرا دِکھانے کے لیے بڑا فرنیچر لاکر رکھ دیتے ہیں۔ اس کے بجائے گھر اور کمرے کا جمالیاتی حسن بڑھانے کے لیے وہاں فرنیچر کے ساتھ پودوں کے لیے بھی جگہ بنائیں۔ صوفے کے ساتھ، کوریڈور کے اختتام پر یا پھر ڈیوڑھی کے پاس، بس یہ خیال رہے کہ پودوں کی پسندیدہ جگہ وہ ہے، جہاں قدرتی روشنی موجود ہو۔
عمودی دیوار
ایک سبز دیوار (Green Wall)بنائیں، جسے Vertical Wall Artبھی کہا جاتا ہے۔ خوبصورتی کے ساتھ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دیوار پر نصب کیے جانے والے پودے گھر میں اضافی جگہ نہیں لیتے۔
پلانٹ شیلف
پودوں کے بارے میں ایک خاص بات یہ ہے کہ انھیں جب بھی کسی شیلف پر رکھا جاتا ہے، وہ بہت خوبصورت لگتے ہیں۔ شیلف پر پودوں کو سلیقے سے رکھنا اتنا مشکل کام نہیں ہے کیونکہ پودے ایک پھیکے کونے میں بھی جان ڈال دیتے ہیں۔ چاہے انھیں کسی شیلف پر گلدان میں رکھا جائے یا وہ شیلف کے ساتھ اوپر دیوار پر جارہے ہوں، آپ اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے ایک بہترین ماحول اور نظارہ ترتیب دے سکتے ہیں۔
جاندار پودوں کا انتخاب
جب گھر کو پھولوں اور پودوں سے سجانے کا خیال آئے تو صرف تازہ اور جاندار پودوں کا انتخاب کریں۔ مصنوعی پودے آپ کے گھر میں زندگی اور تازہ ہوا لانے کے بجائے عام طور پر سونے پن کا احساس پیدا کرتے ہیں۔