دیواریں گھر کا سب سے اہم حصہ ہیں، تعمیر کے بعد ان کی آرائش وزیبائش کے ذریعے پورے گھر کا حسن بڑھایا جاسکتا ہے۔ گھر کے تمام حصوں کی آرائش کے لیے پیسے سے زیاد ہ ذہانت اور ہنر کا ہونا ضروری ہے۔ یہ ایک ایسا آرٹ ہے، جس کا تعلق جدید ٹرینڈز کے علاوہ ہمارے جمالیاتی ذوق سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر گھر میں آپ کو دیواروں کی آرائش کے مختلف طریقے نظر آتے ہیںمثلاً کہیں آپ کو لکڑی کی ڈیزائننگ تو کہیں آرٹ ڈیزائننگ دکھائی دے گی جبکہ بیشتر گھروں میں دیواروں کی آرائش کے لیے وال پیپر کا استعمال بھی خاصا عام ہے۔ آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں دیواروں کی آرائش کے منفردٹرینڈز پر، جو آپ کے جمالیاتی ذوق کی عکاسی کریں گے۔
آرٹ اور تنصیب
دیواروں کی سجاوٹ کےلیےمصوری کے خوبصورت فن پاروں کا انتخاب اور ان کی تنصیب ایک مقبول وال ڈیکوریشن ٹرینڈ ہے۔ فن پاروں کا انتخاب جمالیاتی ذوق کاآئینہ دار ہوتا ہے۔ فن پاروں کے انتخاب کے ساتھ ان کی تنصیب بھی خاصی اہمیت رکھتی ہے، اگر عام سے فن پارے کو بھی خوبصورت انداز سے دیوار میں لگایا جائے تو وہ ایک شاہکار لگے گی۔ کمرے میں فن پاروں اور تصاویر کے ذریعے باذوق افراد گھر کی دیوار وں کو ہی آرٹ گیلری بنا لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ خوبصورت وال ہینگنگز اور وال پیس سمیت مختلف چھوٹے بڑے فریم بھی دیواروں کی رونق بڑھانے کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ فریم کی گئی تصاویر، فن پارےاور دوسرے عناصر کمرے کو مزید خوبصورت دکھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انھیں اگر کسی پرانے کمرے اور فرنیچر کے ساتھ بھی لگادیا جائے تو یہ اُس کمرے میں ایک خاص دلکشی پیدا کرنے کا سبب بنتےہیں۔
ووڈ پینٹنگ
اگر آپ جدید ٹرینڈز کو اپنانے کے عادی ہیں تو دیوار کی ڈیکوریشن کے لیے ووڈ پینٹنگ بھی ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ اس کے ذریعے گھر کے کسی بھی کمرے کی دیوار کو بہترین طریقہ سے سجایا جا سکتا ہے۔ ووڈ پینٹنگ کے لیے گھر کے انٹیریئر اور فرنیچر سے ملتے جلتے رنگ اور انداز کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یہی نہیں، مارکیٹ میںلکڑی سے تیار کردہ خوبصورت شاہکار بھی دستیاب ہیں، جن کو فریم کرکے مزید خوبصورت بنایا جاتا ہے اور پھر ان کو دیواروں کی آرائش کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔
شیشے سے سجاوٹ
شیشے کسی بھی دیوار کا حسن دُگنا کردیتے ہیںاور جب بات ہو ڈریسنگ روم یا باتھ روم کی دیواروں کی تو شیشے کا استعمال اوربھی ضروری ہوجاتا ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا باتھ روم یا ڈریسنگ روم خوبصورتی کے سا تھ ساتھ مغربی طرز کا لگے تو ایک دیوار کو شیشے کے لئے مختص کردیں، یہ عمل نہ صرف آپ کے باتھ روم کو نیا انداز دے گا بلکہ اس کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ شیشوں کا استعمال لیونگ روم یا ڈرائنگ روم کی زینت بڑھانے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ ایسی جگہوں کے لیے فرش سے چھت تک شیشے لگانے کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے۔
وال پینٹنگ
بازار میں دستیاب بنی بنائی پینٹنگز سے سجاوٹ کرنے کے علاوہ آپ خود بھی دیواروں پر پینٹنگز بنا سکتے ہیں۔ بڑی بڑی تصاویر سے لے کر منظر گری تک، ان تصاویر میں مختلف ڈیزائن اور انداز پائے جاتے ہیں۔ آپ کو بس یہ سوچنا ہے کہ آپ کے کمرے اور ذوق کے ساتھ کون سا منظر جچے گا۔
وال اسٹیکرز
دیواروں کی آرائش اور خوبصورتی بڑھانے کا سب سے آسان طریقہ وال ا سٹیکرز ہیں، جوسادہ دیواروں کو بھی خوبصورت انداز بخشتے ہیں۔ اپنے گھر کی دیواروں کو نت نئے ڈیزائن کے وال سٹیکرز سے مزین کر کے آپ ان کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
وال پینلز اور کلیڈنگ
ڈیکوریشن کا قدیم انداز ہو یا پھر جدید، دونوں میں ہی وال پینلز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرینڈ گزشتہ برس سے خاصا مقبول ہے، جس کے تحت سادہ دیوار کو مختلف اقسام کے پینلز سے سجایا جاتا ہے۔ یہ پینلز لکڑی، پتھر یا پھر کسی بھی مٹیریل کے ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وال کلیڈنگ بھی وال پینلنگ کی ایک قسم ہے، بس فرق صرف اتنا ہے کہ وال پینلنگ میں انداز سادہ اور بُردبار ہوتا ہے جبکہ وال کلیڈنگ اُبھرا ہوا نقش ونگار ہوتا ہے۔ دیواری آرائش کی یہ قسم باقی تمام اقسام میں سب سے زیادہ پسند کی جاتی ہے۔