اسلام آباد،کلر سیداں ( نمائندگان جنگ)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے جمہوری نظام اپوزیشن کے بغیر نہیں چل سکتا ، اسے سانس لینے دیں ، اگر میرا مشورہ مان لیا جاتا تو آج مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوتی، ملک کوسیاسی استحکام کی ضرورت ہے، اس وقت احتساب شفاف نہیں جو طریقہ کار اپوزیشن پرلاگو ہے وہ حکومت پر نہیں ، قرضوں سے ملک ترقی نہیں کر سکتے ۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھااس وقت اپوزیشن میں ہوں نہ حکومت میں لیکن کہتا ہوں احتساب ضرورت ہے مگر متنازع احتساب ملک کیلئے زہر قاتل ہے، حکومت کو انتقامی سیاسی کی بجائے مفاہمتی پالیسی پر چلنا ہو گا جمہوری نظام میں اپوزیشن کے کردار کو نظر اندازنہیں کیاجاسکتا،احتساب حکومت نہیں ادارے کرتے ہیں، منی لانڈرنگ کا کیس 2015 کا ہے، اومنی گروپ کا احتساب حکومت نہیں سپریم کورٹ کر رہی ہے، میں چاہتا تو آج اقتدار میں ہوتا لیکن میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی بلکہ اصولوں کی سیاست کرتا ہوں۔