کراچی......جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حقوق نسواں کے نام پر خواتین کو مردوں پر حاکم بنایا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ ہمیں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے، دوسری طرف وہ ہیں جو ان پر ظلم اور تشدد کرنا چاہتے ہیں ۔ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ مولانا خواتین کے حقوق کی بات پر نہ جانے کیوں خطرات میں گھر جاتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حقوق نسواں بل کے نام پر خواتین کو مردوں پر حاکم بنایا جارہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حقوق نسواں بل کے نام پر گھرمیں آگ کا ماحول بنا کر خادم اعلیٰ خود کو اس گرمی سے محفوظ نہ سمجھیں، دوسروں کے گھرجلا کراپنے گھر بچائے نہیں جاسکتے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دینی قیادت نے رابطوں کا آغاز کردیا ہے، جمعیت علمائے اسلام ملک کو مغربی اسٹیٹ بنانے کی اجازت نہیں دے گی۔