لاہور (نمائندہ جنگ)جسٹس سردار محمد شمیم خان نے لاہور ہائی کورٹ کے 48ویں چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا- گورنر ہاوس لاہور میں ہونے والی سادہ اور پُرو قار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ، ہائیکورٹ کے جج صاحبان ، صوبائی وزراء، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کے صدور و دیگر عہدیداروں سمیت سینئر وکلاء، وفاقی و صوبائی لاءافسران، سول و عسکری افسران اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ حلف برداری تقریب کے بعد عدالت عالیہ لاہور پہنچنے پر فاضل چیف جسٹس کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔