اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانچ ماہ میں ہی عوام مایوس اور خوفزدہ ہو گئے ہیں ۔لمحہ فکریہ ہے کہ حکمران یوٹرن کو اپنی سیاسی ترقی کاذریعہ سمجھ رہے ہیں۔حکومت ابھی تک کرپشن پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکی ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف ملاہے ۔ ملک میں ادارے کمزور اور افراد مضبوط ہیں۔ ملک پراس وقت 31 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے یہ قرض ان لوگوں سے وصول کیا جائے جنہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر کے ملک کو لوٹاہے ۔ بنکوں نے بھی کرپٹ عناصر کے ساتھ کرپشن میں تعاون کیا اور موجودہ بنکاری نظام نے کرپشن میں فرنٹ مین کا کردار ادا کیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصور ہ میں ہونیوالے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔