بیوٹی ایکسپرٹ کی رائے کےمطابق عمرصرف ایک نمبرہے، جس کا انسان کی شخصیت اور خوبصورتی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ یہ مقولہ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی پر مکمل طور پر فٹ بیٹھتا ہے لیکن اس حوالے سے شلپا شیٹھی کی رائے ذرا مختلف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا کی ہر عورت اتنی خوش نصیب نہیں کہ وہ خوبصورت پیدا ہو، میرا شمار بھی انہی لڑکیوں میں ہوتا ہے۔ میری والدہ کہتی ہیں کہ جب میں پیدا ہوئی تو ایک معمولی شکل وصورت کی مالک تھی لیکن جیسے جیسے بڑی ہوئی میری شخصیت کی کشش اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ زندگی کی43بہاریں دیکھنے کے باوجود شلپا شیٹھی آج بھی خوبصورت، پرکشش، اسمارٹ اور فٹ ہیں کہ نوجوان اداکاراؤں سے کسی طور کم معلوم نہیں ہوتیں۔ اس سدا بہار حسن کے پیچھے وہ کون سے اہم راز ہیں، آئیےجانتے ہیں ۔
میک اَپ سیکریٹ
٭بالی ووڈ فٹنس اینڈ بیوٹی کوئین شلپا شیٹھی کا کہنا ہے کہ اپنے معصوم حسن کو میک اَپ کی گہری تہوںمیں چھپنے نہ دیں۔ میک اَپ کی تہیں جمانے سے بہتر ہے کہ اپنی جِلد کی حفاظت پر غور کریں۔ اس کی صفائی ستھرائی،کلینزنگ اور موئسچرائزنگ کا خاص خیال رکھیں کیونکہ اگرآپ کی جِلد صاف شفاف ہوگی توبیس کی زیادہ تہیں جمانے کی نوبت نہیں آئے گی۔
٭میک اَپ کے دوران ایک وقت میں ایک ہی فیچر پر توجہ دیں مثلاً اگر آپ کی آنکھوں کا میک اَپ ڈارک ہے تو لپ اسٹک ہلکی لگائیں لیکن اگر آپ کے ہونٹ زیادہ خوبصورت ہیں اور آپ نے ڈارک گلوزکا انتخاب کیا ہے تو آنکھوں کا میک اَپ ہلکا رکھیں۔
٭ آئی لیش کرلرآپ کی پلکوں کو خوبصورتی سے موڑنے ، لمبا کرنے اور آنکھوں کو کشادہ دکھانے کاتاثر دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسا کرنے کے بعدمسکارے کی زیادہ تہیں پلکوں پر جمانے سے گریز کیا جائے۔ شام کی تقریبات میں مزید خوبصورت نظر آنے کے لیے آرٹیفیشل آئی لیش (مصنوعی پلکیں ) لگائیں جبکہ دن کی تقریبات میں آپ کی اصلی پلکیں ہی زیادہ مناسب لگیں گی۔
٭ اگر آپ کا اور میک اَپ کا تعلق روزانہ کا ہے تو موئسچرائزنگ کا خاص خیال رکھیں، خاص طور پر میک اَپ کرنے سے پہلے۔ شلپا کا کہنا ہے کہ میں کتنی بھی مصروف ہوں شاور لینے کے بعد سر سے پاؤں تک موئسچرائزنگ کا خاص خیال رکھتی ہوں۔ اکثر خواتین چکنی جِلد کے سبب موئسچرائزنگ کو نظر انداز کردیتی ہیں۔ آپ کی جِلد چاہے چکنی ہو یا خشک، میک اَپ سے قبل اور شاور لینے کے بعد موئسچرائزنگ ضروری ہے۔
بیوٹی سیکریٹ
شلپا شیٹھی کی فٹنس اور بیوٹی سے متعلق بات کی جائے تو اکثر لوگوں کی رائے ہے کہ ان کی عمر نے 40کےبعد بڑھنا بند کردیا ہے۔ سدا جوان نظر آنے کے لیےشلپا کئی گھنٹے ورک آؤٹ کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ شلپا یوگا کے لیے خاصی مشہور ہیں، کئی برسوں سے وہ یوگا کرتی آرہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’’ یوگا صرف میرے جسم کے لئےمددگار نہیں بلکہ میں اس سے چاق چوبند بھی رہتی ہوں۔ یہ فلموں میں میری توجہ کو بڑھانے میں بھی مددگارہوتا ہے،یقین جانیں ہم میں سے کئی ایسے ہیں جنہیں یوگا نے چاق چوبند بنادیا ہے‘‘۔
اپنی خوبصورت اور چمکتی جِلد کے لیے شلپا خاصی حساس ہیں۔ جِلد سے متعلق شلپا کا کہنا ہے کہ جس چیز سے محبت کی جائے اور اس کا خیال رکھاجائے وہ کبھی پرانی یا بوسیدہ نہیں ہوتی، یہی حال جِلد کا بھی ہےکہ جب تک اس سے محبت اور اس کی کیئر نہیں کریں گے، یہ خوبصورت نہیں دکھائی دے سکتی۔ غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شلپا کا کہنا تھا کہ میری والدہ کی عمر 60سال سے بھی زیادہے لیکن آج بھی ان کی جِلد کسی کم عمر لڑکی کی طرح خوبصورت اور پرکشش ہے۔ اگر آپ خوبصورت اور پرکشش جِلد چاہتی ہیں تو مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کریں ۔
٭آپ گھر کسی بھی وقت پہنچیں، کتنی بھی تھکن آپ کو پریشان کررہی ہو، میک اَپ صاف کیے بغیر ہر گز نہ سوئیں۔ شلپا کا کہنا ہے کہ وہ ناریل کا تیل، زیتون کاتیل اور بے بی آئل کا مکسچر بطور میک اَپ ریموور استعمال کرتی ہیں ۔
٭ چہرے پر صابن کا استعمال ہر گز نہ کریں کیونکہ صابن کی خصوصیات سخت ہوتی ہیں، جو جِلد کی نرمی اور چمک کو ختم کردیتی ہیں ۔
٭ آئی برو شیپ کے دھاگے کااستعمال سب سے زیادہ مناسب ہے، نئی تکنیک کو آزمانے سے گریز کریں ۔
٭ شلپا دو دن میں ایک بار شیمپو کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اور بار بار شیمپو تبدیل کرنے سے گریز کرتی ہیں ۔
٭ بالوں کو گھنا اورسیدھا دکھانے کیلئے ہیٹڈ اسٹریٹنر کے بجائے وہ بلو ڈرائنگ کرنے کو ترجیح دیتی ہیں ۔
٭شلپا کا کہنا ہے کہ اگر سدا بہار خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں تو کوشش کریں کہ8بجے سوجائیں ۔