اگر آپ کی عمر30سال سے زیادہ ہے تو آپ کو اپنی جِلد کی دیکھ بھال اور بیوٹی روٹین پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ لیکن اگر آپ باقاعدگی کے ساتھ اپنی جِلد کا خیال رکھتی ہیں تو آپ کو اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ جِلد کی باقاعدہ حفاظت چہرے کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ا کثرخواتین کو جِلد کے مختلف مسائل جیسے کہ پگمنٹیشن، ناہموار جِلد اور حلقوں کا سامنا ہوتا ہے، جس کی وجہ مناسب اسکن کیئر روٹین کا نہ ہونا ہے ۔ جِلد کی حفاظت کے چند بنیادی طریقے اپنی روز مرہ زندگی میں اپنانے سے آپ اپنی جِلد کو کئی طرح کے مسائل سے بچاسکتی ہیں ۔
جِلد کی صفائی
جِلد کی کلینزنگ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کو اپنے روٹین میں شامل کریں۔ اکثر خواتین صرف نوجوانی میں ہی یہ روٹین رکھتی ہیں، درحقیقت 30سال کی عمر کے بعد انھیں اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ کلینزنگ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کی یہ روٹین جِلد کو گرد اور میل کچیل سے پاک کرنے کے ساتھ جِلد کو تروتازہ اور صحت مند بناتی ہے۔
جِلد کے لیے مفید اجزا
اپنی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے جو کاسمیٹکس آپ استعمال کرتی ہیں وہ چاہے قدرتی ہوں یا کمپنی کے بنے ہوئے ہوں، ان میں ایسے اجزا شامل ہونے چاہئیں، جو جِلد کو تروتازہ بنانے میں مدد دیں۔ اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامن سی اور گلائی کولک جِلد کو وقت سے پہلے پڑنے والی جھریوں اور خشکی سے بچاتے ہیں اور جِلد کو تروتازہ اور چمکدار بناتے ہیں۔
پھلوں اور سبزیوں کا استعمال
اپنی غذا میں پھل اور سبزیاں شامل کریں ۔ تازہ پھل اور سبزیوں کی سلاد جِلد کو ٹوکسن سے پاک کرنے میں مدد دیتی ہے اور جِلد کو صحت مند بناتی ہے۔
سپلیمنٹ اور وٹامن
جِلد کو مضبو ط بنانے اور اسکا کھنچاؤ برقرار رکھنے کے لیے وٹامن سی اور وٹامن ای کا سپلیمنٹ استعمال کریں۔ یہ وٹامنز کولاجن بناتے ہیں، جو جِلد کا کھنچاؤ لمبے عرصے تک برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
فیس ماسک
اس کے لیے بازار سے مہنگے ماسک خریدنے کی ضرورت نہیں بلکہ گھر میں موجود قدرتی اجزا سے بنے ماسک کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فیشل
خوبصورت اور تر و تازہ جِلد کے لیے فیشل بھی نہایت مفید ہے۔ آپ کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہوں مہینے میں ایک مرتبہ فیشل ضرور کرائیں۔ہر ماہ فیشل کرانے سے جِلد میں خوبصورت تبدیلی آئے گی۔
ورزش
روزانہ تیس منٹ واک کریں یا ورزش کریں ۔ ورزش نہ صرف جِلد کو صاف کرتی ہے بلکہ خون کے خلیات کو بھی توانائی بخشتی ہے ۔ ورزش جِلد سے فاضل مادے بھی خارج کرنے میں مدد دیتی ہے۔ روزانہ ورزش ذہنی دباؤ کو کم کرتی، ایکنی سے بچاتی اور ہر طرح سے صحت مند رکھتی ہے۔
ایکس فولی ایشن
مردہ جِلد کو ہٹانے اور نئی چمکدار جِلد حاصل کرنے کے لیے تین مرتبہ ایکس فولی ایٹ کیا جائے۔ باریک چینی ، لیموں کا رس اور شہد ملا کر اسکرب تیار کریں اور جِلد پر مل لیں۔
پانی
جِلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے زیادہ پانی پئیں ۔ دن میں 8سے 10گلاس پانی نہ صرف صحت کے لیے بلکہ اچھی جِلد کے لیے بھی ضروری ہے۔ پانی جسم سے ٹوکسن کو خارج کرتا ہے۔
نائٹ کریم
سونے سے پہلے نائٹ کریم کا استعمال کریں ۔ نائٹ کریم جِلد کی نمی برقرار رکھنے کے ساتھ جِلد کو ہموار بھی بناتی ہے۔
آئی کریم
30سال کی عمر کے بعد جِلد پر باریک لکیریں نمودار ہونے لگتی ہیں۔ رات کے وقت اعلیٰ معیار کی آئی کریم استعمال کریں، جو آنکھوں کے گرد بننے والی باریک لکیروں اور حلقوں کو ختم کرے۔ اس کے لیے اچھی کوالٹی کی آئی کریم کا انتخاب کریں ۔
سن اسکرین
سن اسکرین جِلد کو دھوپ کی نقصان دہ شعاعوں سے بچا تی ہے ۔ اگر یہ شعاعیں جِلد پر اثر انداز ہو جائیں تو جِلد پر چھائیاں اور دھبے رونما ہونے لگتے ہیں ۔ ان سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ لازماً کریم کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ فاؤنڈیشن استعمال کرتی ہیں تو ایسے فاؤنڈیشن لیں، جس میں ایس پی ایف شامل ہوں ۔ اس طرح آپ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ان تمام چیزوں کو اگر آپ نے اپنی روٹین میں شامل کر لیا تو آپ 30 سال کےبعد بھی آپ اپنی جِلد کی خوبصورتی پر فخر کرسکیںگی۔