• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، مریم ضمانت، اہم سماعت آج، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نیب کی اپیل پر غور کریگا، جسٹس کھوسہ اور جسٹس گلزار بھی شامل ہونگے

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ آج پیرکو سابق وزیر اعظم نواز شریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور دامادکیپٹن صفدر کی پانامہ کیس سے متعلق نیب کی جانب سے قائم کئے گئے 3مقدمات میں سے، ایون فیلڈ ریفرنس میں ہائیکورٹ کی جانب سے سزا معطلی کیخلاف نیب کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کی اہم سماعت کریگی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل 5رکنی لارجر بنچ دوپہر ایک بجے کیس کی سماعت کریگا۔نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جبکہ ملزمان کی جانب سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ اور امجدپرویزایڈووکیٹ پیش ہونگے۔ یاد رہے کہ احتسا ب عدالت اسلام آباد کے جج بشیر احمد نے نیب کے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نواز شریف کو 10سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قیدکی سزاسنائی تھی، ملزمان نے ان سزائوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تو فاضل عدالت نے ان کی سزائیں معطل کرتے ہوئے تینوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ نیب نے سزا معطلی کے ہائیکور ٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا ،جس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ نے کی۔ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا اور لارجر بینچ کے سامنے 17؍سوالات رکھے تھے جن کا لارجر بینچ جا ئزہ لے گا۔ یہ بھی یادر ہے کہ اس سے قبل پانامہ کیس کی سماعت کیلئے تشکیل دیئے گئے 5 لارجر بنچ کے رکن جسٹس اعجاز افضل خان ،جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن نے پانامہ کیس کے عبوری فیصلے میں جے آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے الزامات کی تحقیقات کروانے کا اکثریتی فیصلہ جاری کیا تھا جبکہ بنچ کے سربراہ، جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمدنے اختلافی نوٹ دیئے تھے۔

تازہ ترین