بالی ووڈکی نامور اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ دنیا کو ملالہ یوسف زئی اور اُن جیسی لڑکیوں کی ضرورت ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بالی ووڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف آج کل پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی کتاب’وی آر ڈسپلیسڈ‘ (We Are Displaced) کا مطالعہ کررہی ہیں، یہ کتاب ملالہ یوسف زئی کی زندگی سے متعلق ہے جسے انہوں نے خود تحریر کیا ہے۔
اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی انتہائی متاثر کن شخصیت ہیں، دنیا کو ملالہ اور اُن جیسی لڑکیوں کی بے حد ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر کترینہ کیف نے ملالہ یوسف زئی کی کتاب کا سرورق اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرشیئرکرتے ہوئےلکھا کہ ’اس کتاب میں ملالہ اور دوسری غیر معمولی لڑکیوں کی کہانیاں یکساں طور پر متاثر کن ہیں، یہ کہانیاں ان تمام لڑکیوں کے خواب پورے کرنے میں مدد کریں گی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گی جنہیں خود پر یقین ہے۔‘
کترینہ نے مزید لکھا کہ ’ملالہ! میری دعا ہے ایک دن تم اپنی طاقت سے دنیا کو تبدیل کردوگی، دنیا کو تمہاری اور تمہاری جیسی لڑکیوں کی ضرورت ہے۔‘