• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی سزا معطلی کیخلاف نیب اپیل مسترد، تفصیلی فیصلہ جاری

سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کیخلاف نیب اپیل مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق ضمانت اور اس کی منسوخی کیلئے وجوہات بالکل مختلف ہیں، نیب اپیل ایسے شخص کیخلاف ہے جو پہلے ہی جیل میں ہے۔

5صفحات پرمشتمل فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا ہے، فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔


فیصلےمیں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے ضمانت کا فیصلہ لکھتے ہوئے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز مد نظرنہیں رکھیں،سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ضمانت کے فیصلے مختصر لکھے جائیں۔

سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل خارج کی تھی ۔

فیصلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ضمانت کےکیس میں میرٹس کو بھی زیربحث لائی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلےمیں کچھ حتمی نتائج بھی اخذ کرلیے، ہائیکورٹ نے مرکزی درخواستوں کی سماعت میں ہی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ دیا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قراردےچکی ہےنیب کیسزمیں ہائیکورٹ غیرمعمولی آئینی دائرہ سماعت استعمال کرسکتی ہے، نواز شریف کیس میں ایسے کوئی غیر معمولی حالات نہیں تھے، نواز شریف کی ضمانت اور اسکی منسوخی کیلئے وجوہات بالکل مختلف ہیں، نیب کی اپیل ایسے شخص کیخلاف ہے جو پہلے ہی جیل میں ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کی دوسری فریق خاتون ہے، قانون خواتین کو ضمانت میں رعایت فراہم کرتا ہے، نواز شریف نے ضمانت کا غلط استعمال نہیں کیا۔

متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں قانونی نقائص ہیں، عدالت آگاہ ہے ضمانت منسوخی کے اصول ضمانت دینے سے مختلف ہیں، ایسے حالات میں نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب اپیل خارج کی جاتی ہے۔

تازہ ترین