میگ ریان ایک اچھی اور مطمئن زندگی گزار رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے لئے ہی ہوتی ہے اور ہمیں اس پر بات کرنے کے بجائے دیگر معاملات پر بات کرنی چاہئے۔54سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی عمر سے پیار ہے ، اور ہر عمر کا الگ مزہ ہوتا ہے ۔ عمر کے ساتھ ساتھ انسان کی میچیورٹی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ اپنی عمر کے اس حصے کو انجوائے کر رہی ہیں۔ میگ ریان کا کہنا ہے کہ جب ہم اپنی شکل و صورت، بالوں ، لباس، رنگ روپ اور دلچسپیوں پر ہی بات کرتے رہتے ہیں ، تو کچھ بوریت سی ہو جاتی ہے اوروہ ان باتوں کی طرف زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔ میڈیا میں ان کے بارے میں کیا چھپا ہے ، انھیں اس کی بھی کوئی پروا نہیں ہوتی ۔
بالوں کاکچھ احوال
ہالی ووڈ میں میگ ریان اپنے بہترین بالوں کی وجہ سے بھی مشہور ہیں، سبھی ان سے اس بارے میں پوچھتے ہیں تو میگ ریان کو عجیب سا بھی لگتاہے کہ لوگ ان کی دیگر صلاحیتوں کو چھوڑ کر ان کے بالوں کی بات نکال لیتے ہیں۔ میگ ریان کا کہنا ہے کہ شہرت تو عارضی ہو تی ہے، ایک چنگاری کی طرح ہے، اب اس کی زندگی کتنی ہے یہ اس میں لگی آگ پر منحصر ہے۔
میگ ریان دراصل خود کو نظر انداز نہیں کرسکتیں، کیونکہ ان کے بارے میں جو کچھ میڈیا میں آتاہے وہ اس کو سنجید گی سے لیتی ہیں اور ان کےپرستار اسے اور بھی زیادہ سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ایک بار90ء کی دہائی میں انہوں نے اپنا مشہور ہیئر کٹ کروایا تو نیویارک میں ان کو کئی خواتین نظر آئیں، جوا ن کے اسٹائل کو فالو کررہی تھیں۔ اب ان خواتین کو بھی سوچنا چاہئے کہ ضروری نہیں کہ جو ہیئر اسٹائل میگ ریان پر سوٹ کررہاہے ، وہ ہر کسی پر جچے۔
میگ ریان کے مشہور ہیئر اسٹائلز کے پیچھے ان کی ہیئر اسٹائلسٹ سیلی ہیش برگر کا ہاتھ ہے۔ خواتین آج بھی کئی سال پہلے سیلی کے بنائےہوئے میگ ریان کے ہیئر اسٹائلز بنوانا پسند کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ انہیں بھی ایسا ہی کیوٹ بنا دیا جائے جیسا کہ میگ ریان کئی سال پہلے نظر آتی تھیں۔ سیلی ایسا کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن جب دیکھتی ہے کہ خواتین کے بال بالکل سیدھے یا گھنگریالے ہیں تو وہ منع کردیتی ہے۔ لازمی بات ہے ہر ایک کو تو خوش نہیں رکھا جاسکتا۔
میگ ریان کہتی ہیں،’’ جب میں اپنے بالوں کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے سیلی کا ہی خیال آتاہے۔ وہ میرے بالوں کو اچھی طرح سمجھتی تھی۔ مجھے کوئی خاص پروڈکٹ بھی یادنہیں لیکن ایسالگتا تھاکہ جیسے کوئی مائیکروویو میں کھانا رکھے اور باہر نکال لے۔ ہاں میں اپنے بال موسم کی مناسبت سے بنواتی تھی، خاص طور پر اپنے چہرے کے حوالے سے ، کہ جو ہیئر اسٹائل بھی بنوائوں وہ میرے چہرے کو کمپلیمنٹ کرے۔
فلم ’فرینچ کِس‘‘ میں ،میں نے پیرس میں ایک ایسی عورت کا کردار ادا کیا جس کا سازوسامان، پیسہ ، سب چھن جاتاہے اور سب سے زیادہ مجھے اس بات کا دکھ ہوتاکہ میں اپنے بالوں میں شیمپو کیسے کروں؟ میرے نزدیک بالے بنے ہوئے ہوں یا الجھے ہوں، انہیں بس اچھا ہونا چاہئے۔ ا سی فلم کی شوٹنگ
کے دوران سیلی میرےبالوں کو آئرن کررہی تھی تو میرے بالوں کا کچھ حصہ آئرن سے لپٹ گیا۔پھر مجھے ان میں شعلے دکھائی دیے۔ سیلی بت بنی کھڑی تھی لگتا تھا کہ اس کی روح پرواز کرگئی ہے۔ اس کارنگ زرد ہوگیا۔ لیکن اس میں اس کا قصور نہیں تھا۔ یورپ میں وولٹیج اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے اوروولٹیج اوپر ہونے سے آئرن زیادہ گرم ہوگئی اور اس سے آگ بھڑک اٹھی۔ اس میں سیلی کا کوئی قصور نہیں تھا۔ ‘‘
اسٹائلش بالوں کا راز
میگ ریان کا سب سے مشہور ہیر اسٹائل شارٹ باب ہے جسے آج بھی خواتین شوق سے اپناتی ہیں اور یہ اسٹائل بیضوی چہروں پر خوب جچتاہے ۔ میگ ریان کے شارٹ باب ہیئر اسٹائل حاصل کرنے کا طریقہ کچھ یوں ہے :
1۔ بالوں کو اچھی طرح نم کرکے blow dryکرلیں اور اپنے ہاتھوں سے اسے اسٹائل دیتی جائیں۔ جب یہ 80فیصد خشک ہوجائے تو ڈرائر کو vent brush پرکرلیں
2۔ سر کے اوپر کے بالوں کو سیدھا اور ستواں کرنے کیلئے آئرن کریں۔ اس کیلئے ہر بال نہیں بلکہ بالوں کے گچھے پکڑ کر انہیں سیدھا کریں۔
3۔ اس پر اسٹائلنگ پیسٹ لگا کر آہستہ آہستہ انھیں پیچھے کی جانب دبائیں
4۔ اگر آپ کے بال puffyہیں تو اپنی انگلیوں پر اسٹائلنگ پیسٹ لگا کر بالوں کودباتے ہوئے انہیں کانوں کے پیچھے لے جائیں اور اس وقت تک اس عمل کو دہرائیں، جب تک بال سیٹ نہ ہوجائیں ۔