بالی ووڈ کی معصوم اور خوبصورت اداکارہ انوشکاشرما کی چمکتی دمکتی جِلد کا جب راز پوچھا گیا تو جواب ملا ’کوکو بٹر‘۔ انوشکا کے مطابق وہ رات کو روزانہ کوکو بٹر کااستعمال بطور موئسچرائزر کرتی ہیں۔ کوکو کے کڑوے بیج نہ صرف چاکلیٹ کے شیریں ذائقے میں تبدیل میں کیے جاتے ہیں بلکہ کوکوکے پھل سے نکالے گئے مکھن کو بہترین بیوٹی پراڈکٹس کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کوکو بٹر ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جس میں وٹامن کے اوروٹامن ای کے علاوہ دیگر فیٹی ایسڈزکی بھی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے۔ کوکو بٹر کھانے اور میڈیسن میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی لیے ہمارا آج کا موضوع ہے کہ کوکو بٹر کو بہترین بیوٹی پراڈکٹس کے طور پر کس طرح استعمال کیا جائے۔ تو آئیے جان لیتے ہیں کہ کوکو بٹر کس طرح آپ کے بیوٹی سیکریٹس کا حصہ بنا سکتا ہے۔
خشک جِلد کیلئے بہترین موئسچرائزر
اگر آپ انوشکا شرما جیسی چمکتی دمکتی جِلد حاصل کرنا چاہتی ہیں تو کوکو بٹر کو بطور موئسچرائزر استعمال کریں۔ یہ حیرت انگیز افادیت رکھنے والا قدرتی موئسچرائزر ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کی جِلد خشک ہے تو گھر میں ہی کوکو بٹر، ناریل اور شی بٹر(ایک افریقی درخت کے بیجوں سے حاصل ہونے والی سخت چربی) کے ساتھ باڈی کریم تیار کریں اور روزانہ اسے استعمال کریں، جلد ہی اس کے فوائد آپ محسوس کریں گے۔ اس کے علاوہ کوکو بٹر کو چہرے کے بہترین موئسچرائزر کے طور پر بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جِلد پر کھنچاؤ کے نشانات کا حل
جب اچانک جسم کا حجم بڑھے یا کم ہونے لگے توجِلد پرکھنچاؤ بڑھنے لگتا ہے، ایسی صورت میںجِلدکی تہوں میں موجود خلیے اور دھاگے جو اس کو باندھ کر رکھتے ہیں، پھٹنا شروع ہوجاتے ہیں اور ہمارے جسم پر کھچائو کے نشانات ڈال دیتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ان کھنچاؤ کے نشانات کو دور کرنے کے لیے وقتاًفوقتاًدن میں 3سے 4بار ایسے موئسچرائزر سے مساج کریں، جن میں کوکو بٹر اورشی بٹر(Shea Butter) شامل ہو۔
ڈبل چن کے لیے بہترین ٹونر
کیا آپ بھی موٹاپے کے باعث ڈبل چن سے پریشان ہیں۔ اگر ایسا ہے تو اپنی یہ پریشانی چھوڑ دیں کیونکہ کوکو بٹر آپ کی یہ مشکل بھی دور کرسکتا ہے۔ ڈبل چن سے چھٹکارہ پانےکے لیے آپ 2چمچے کوکوبٹرلیں اوراسے مائیکرو ویواوون میں ہلکا سا پگھلالیں۔ اگرآپ کے پاس اوون نہیں ہے توپریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ یہ کام چولہے پربھی کرسکتی ہیں۔ پگھلنےکے بعد بہت آرام سے چند منٹ کے لیے کوکو بٹرکا صبح نہانے سے قبل اور رات کو سونے سے قبل اپنی ڈبل چن پرمساج کیجیے۔
غسل کے پانی میں استعمال کیجیے
اگر آپ اپنی خشک جِلد سے پریشان ہیں تو غسل کے پانی میں کوکو بٹر کا استعمال کیجیے۔ گرم پانی میں تھوڑی سی مقدار میں استعمال کیا گیا کوکو بٹر آپ کی جِلد کو نرم و ملائم رکھے گا اور خشکی سے نجات دلائے گا۔
ہیئر کنڈیشنر
کوکو بٹر میں بہترین موئسچرائزر کی ہی نہیں بلکہ کنڈیشنر کی بھی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ کوکو بٹر میں موجودموئسچرائزنگ خصوصیات صرف جِلد کو ہی نمی فراہم نہیں کرتیںبلکہ یہ خشک وپژ مردہ بالوں کے لیے بھی قدرتی وبہترین کنڈیشنرکاکام کرتی ہیں۔ بہترین کنڈیشنر بنانے کے لیےآدھا کپ کوکو بٹر، دو چمچ کو کونٹ آئل، دو چمچ وٹامن ای آئل اور ونیلااسینشل آئل لیں۔ سوائے ونیلا اسینشل آئل کے تمام اجزاء کو ایک چھوٹے پین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیںاور چمچ چلاتی جائیں۔ اتنا چلائیں کہ تمام اجزاء اچھی طرح پگھل جائیں۔دس منٹ بعد چولہے سے اتار لیں اور کسی ڈھکن بند جار میں نکال لیںاور پھر اس میںونیلااسینشل آئل بھی شامل کریں۔ جب یہ ٹھنڈا ہوجائے تو اسے فریزر میں پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیںاور اس کے بعد صاف اور خشک ہاتھوں سے بالوں میں استعمال کریں۔ نہانے سے ایک دن قبل رات کو اس کنڈیشنر کا استعمال کریں اور اگلی صبح بال دھولیں ۔
اینٹی ایجنگ
کوکو بٹر ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ اس میں اولِک ایسڈ ،پالمٹک ایسڈ، سِٹرک ایسڈ کی خصوصیات ہونے کے سبب یہ چہرے کی جِلد کو دھوپ کی مضر شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے، ساتھ ہی جِلد پر جھریاں بھی پڑنے نہیں دیتا۔ یہ جِلد پر بڑھاپے کے اثرات کو کم کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے جِلد نرم و ملائم اور جھریوں سے محفوظ رہتی ہے۔