اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے وضاحت کی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان ، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کے نام سے سوشل میڈیا پر چلائے جانے والے تمام سوشل ٹوئٹر اور فیس بک اکائونٹس جعلی ہیں۔ سپریم کورٹ کے ترجمان کی ہفتہ کے روز جاری پریس ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ فاضل چیف جسٹس کے سوشل میڈیا کے استعمال کی مکمل تردید کرتی ہے اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو تمام جعلی ٹوئٹر، فیس بک اکائونٹس اور پیج بلاک اور ایف آئی کو جعلسازی کے مرتکب عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم جاری کردیا گیاہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی ٹوئٹر اکائونٹ پر فاضل چیف جسٹس سے منسوب یہ جعلی پیغام چلایا گیا کہ دو نہیں بلکہ ایک پاکستان کیلئے سب سے ضروری کام فوری اور سستا انصاف ہے وہ بھی امیر اور غریب کیلئے ایک جیسا،انشاللہ اس پر عمل کیا جائیگا، جوڈیشل سسٹم میں موجود تمام خامیوں کو دور کرینگے، چیف جسٹس کے نام سے منسوب ایک اور ٹوئٹ میں قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’’میرے رب میں بے بس ہوں تو میری مدد فرما‘‘تاہم سپریم کورٹ نے ان پیغامات اور اکائونٹس کی تردید کردی ہے۔