• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صابن پر کھڑی حکومت کسی وقت بھی پھسل سکتی ہے، سراج الحق

لاہور (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت صابن پر کھڑی ہے کسی وقت بھی پھسل سکتی ہے۔ قبل ازوقت انتخابات کی بات اپوزیشن کی طرف سے نہیں خود وزیر اعظم کی طرف سے آئی جس سے پتہ چلتا ہے کہ حکمرانوں کو خود اپنے آپ پر بھی اعتماد نہیں رہا کہ وہ ڈلیور کرسکیں گے۔ ملک میں چھ کروڑمزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ آئین میں موجود لیبر قوانین کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ حکومت ایم کیو ایم سمیت چند دوسری جماعتوں کے سہارے کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے نومنتخب صدر شمس الرحمٰن سواتی کی حلف برداری تقریب کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو گرانے کی اب تک کوئی بات نہیں آئی حکومت خودکشی کی طرف جا رہی ہے اور اگر حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو نہ پایا تو عوام اسے زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے اب تو وہ لوگ بھی مایوس ہو چکے ہیں جو بڑی توقعات کے ساتھ حکومت کو لے کر آئے تھے۔
تازہ ترین