ساہیوال واقعے میں زخمی تینوں بچوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔
واقعے میں زخمی عمیر اور منیبہ جنرل اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ 4 سال کی ہادیہ کو گھر پہنچا دیا گیا ۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے بچےعمیر کو دائیں ٹانگ میں گولی لگی تھی جبکہ گاڑی کے شیشے ٹوٹنے سے منیبہ کا ہاتھ زخمی ہوا ۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق کار ڈرائیور ذیشان کو 10 گولیاں ماری گئیں ، 13 سال کی اریبہ کو 6 گولیاں لگیں ، اس کی والدہ نبیلہ بی بی کو 4 اور والد خلیل کو 13 گولیاں لگیں ۔
واضح رہے ساہیوال واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنادی گئی ہے جو تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی ، واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ۔
دوسری جانب مبینہ مقابلے میں جاں بحق افراد کے ورثا کا جی ٹی روڑ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا۔ جاں بحق خلیل کے بھائی کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ کی طرح روایتی کمیٹی بنانے کااعلان کیا ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے تک جی ٹی روڈ پر دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا ۔
رات ایک بجے سے جاری دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ۔