اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسد عمر نے اپوزیشن رہنماؤںپر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے جس طرح زرداری کو لاڑکانہ اور لاہور کی سڑکوں پرگھسیٹا ، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، قوم جانتی ہے علی بابا اور 40چور کون ہیں ، ہم خادم اعلیٰ بولتے نہیں بلکہ خود کو سمجھتے ہیں ۔ قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نےکہا کہ یہ منی بجٹ نہیں،اصلاحات کا پیکیج ہے، چاہتے ہیں کہ یہ سننے کو نہ ملے کہ پچھلی حکومت نے معیشت تباہ کردی،انشاء اللہ اگلے ہفتے میڈیم ٹرم اکنامک فریم پیش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مدد کریں،ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، اپوزیشن نے حکومتیں کیں اور دل کھول کر غلطیاں بھی کی ہیں، ملک کو ڈھائی سے 3ہزار ارب روپے کا مقروض کر کے چلے گئے ہیں، قوم جانتی ہے کہ علی بابا اور 40؍ چور کون ہیں،جب تک ہم اپنی چادر دیکھ کر پائوں نہیں پھیلائیں گے، معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، جب تک اخراجات میں توازن نہیں ہو گا ہم بہتری نہیں لا سکتے۔