اسلام آباد(وقائع نگار ،آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان مولابخش چانڈیو نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں کہاکہ آصف زرداری کسی آمر کے آگے نہیں جھکتے کیونکہ انہیں اللہ کا آسرا ہے، ایک بیان میں ا نہوں نے کہا کہ آصف زرداری آمروں اور کٹھ پتلیوں کے بنائے مقدمات میں سرخرو ہوچکے ہیں، آج بھی آصف زرداری کے خلاف وہی لوگ باتیں کر رہے ہیں جو ضیاء اور مشرف جیسے آمروں کے آگے جھکے رہے، آصف زرداری جھوٹے مقدمات میں پہلے بھی بری ہوئے اب بھی سرخرو ہوں گے۔ دریں اثنا پیپلزپارٹی پنجاب کےسیکرٹری اطلاعات وممبر پنجاب اسمبلی سید حسن مرتضیٰ نے کہاہے شیخ رشید اپنے مستقبل کی فکر کریں، آصف زرداری جمہوریت کے پاسبان ہیں ان کا شاندار اور باوقار سیاسی پس منظر ہے،جبکہ شیخ رشید اپنے والد کا بھی تعارف کرائیں جو راولپنڈی کے بھابڑہ بازار میں بھیک مانگتے تھے، پیپلزپارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ورنہ شیخ رشید کشمیریوں کے لئے ملنے والے فنڈ میں خردبرد کرنے کے جرم میں جیل میں سڑ رہے ہوتے۔