• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،سیف سٹیزن پروجیکٹ کا آغاز، طلباء کو مفت ہیلمٹ کی فراہمی

کوئٹہ(خ ن) کوئٹہ میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور عوام میں شعوری آگاہی کے لئے غیر سرکاری سطح پر سیف سٹیزن پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے کی نگرانی وزیر اعلیٰ رضاکار سیل کرے گا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ابتدائی طور پر گرہ خود سے طالب علموں کو مفت ہیلمٹ فراہمی کے لئے حصہ ڈال دیا ۔وزیر اعلیٰ رضا کار سیل نے غیر سرکاری سطح پر معاشرتی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مربوط طریقہ کار کے تحت قابل عمل بنانے کے لیے مخیر حضرات اور رضاکاروں کی مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل پر کام شروع کردیا۔ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن فار میڈیا افئیرز محمد عظیم کاکڑ اور ایس پی ٹریفک جی پی نےاو چوک پر طالب علموں کو مفت ہیلمٹ فراہم کر کے سیف سٹیزن پروجیکٹ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے عظیم کاکڑ نے بتایا کہ سی ایم میڈیا سیل کی تحقیقی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کوئٹہ میں روزانہ تین سو اسی سے چار سو چالان ہوتے ہیں جس میں نصف چالان موٹر سائیکل سواروں کے ہوتے ہیں اور اس مجموعی تعداد میں اسی فیصد طالب علم ہوتے ہیں پروجیکٹ کی ابتداء میں طالب علموں کو چالان کرنے کے بجائے مفت ہیلمٹ فراہم کئے جائیں گے اور طالب علموں سمیت عوام کو بتدریج ٹریفک قوانین کی عملی طور پر پاسداری کے لئے راغب کیا جائے گا ۔ عظیم کاکڑ نے بتایا کہ رضا کارانہ منصوبے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنی جیب سے ہیلمٹ فراہم کر کے بہتری کی بنیاد رکھ دی ہے اب معاشرے کے تمام طبقات کا فرض ہے کہ وہ اجتماعی بہبود کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومت کے شانہ بشانہ ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں اشتراکی عمل کی حوصلہ افزائی کریں۔
تازہ ترین