لندن(جنگ نیوز) پاکستانی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے دو فیملیز میں تنازع ختم کرانے کی غرض سے 10 سالہ لڑکی کی 14سالہ لڑکے سے شادی رکوادی ہے۔ مقامی گائوں کے بزرگوں نے لڑکی کی شادی کا حکم اس لئے دیا تھا کہ لڑکی کے بھائی پر اپنی بیوی کوقتل کرنے کا الزام تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے شادی کا حکم دینے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ونی کے تحت یہ شادی جمعہ کو ضلع رحیم یار خان کے ایک گائوں میں ہو رہی تھی۔ جس کو پولیس نے چھاپہ مار کر رکوادیا۔ پولیس افسر چوہدری یٰسین نے کہا کہ پولیس مزید 20 افراد کو تلاش کررہی ہے۔ لڑکی کے بھائی نے اپنی بیوی کو اس لئے قتل کیا کہ اسے افیئر کا شک تھا۔ قتل کے الزام میں لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ جو اب جیل میں ہے۔ پاکستان میں ونی کے تحت شادیاں غیر قانونی ہیں مگر اس کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔