• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مہناز بیگم کو شان دار خراج عقیدت ساتھی فن کاروں نے یادیں تازہ کیں

پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے سینکڑوں گیت اور غزلیں گانے والی گلوکارہ مہناز بیگم کو یاد کرنے کے لیے گلوکارہ عروسہ علی خان اور امجد شاہ نے پروقار تقریب کا انعقاد کراچی جم خانہ کلب میں کیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے شرکت کی ، جب کہ اس موقع پر نامور گلوکاروں اور شوبزنس کی جانی مانی شخصیات نے مہناز بیگم کو شان دار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار شاہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مہناز بیگم نے کئی برس تک رسیلےگیتوں کے ذریعے ہماری سماعتوں میں رس گھولا۔ 

ان کی یاد میں تقریب کا انعقاد سرکاری سطح پر ہونا چاہیے تھا، یہ کام حکومتوں کا ہے۔ آئندہ برس مہناز بیگم کی یاد میں سرکاری سطح پر بڑی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس پروقار تقریب کا انعقاد کرنے پر میں منتظمین اور عروسہ علی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مہناز بیگم نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لیے ان گنت یادگار اور مقبول گیت گائے۔ ان جیسے فن کار اب کہاں پیدا ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے تقریب میں آواز کا جادو جگانے والے فن کاروں کے لیے تین لاکھ روپے کا اعلان کیا اور انہوں نے فن کاروں میں تعریفی شیلڈز بھی پیش کیں۔ بعدازاں محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہناز بیگم کے گائے ہوئے سپرہٹ گیتوں پر مبنی شوریل بھی دکھائی گئی، جسے حاضرین نے پسند کیا اور اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی گائیکی سے لطف اندوز ہوئے۔ محفل موسیقی میں درجنوں فن کاروں نے مہناز کے گانے گائے۔ سب سے پہلے گلوکارہ روز کو موقع دیا گیا۔ ان کے بعد اکبر جمال ، ایم افراہیم ، عارف انصاری ،اسماء احمد ، افشاں احمد، اسما عباس ، تنویر آفریدی ، جلال ، فیصل لطیف و دیگر کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا۔ گلوکار عارف انصاری نےعروسہ علی کے ساتھ مل کر فلم آئینہ کا سپرہٹ گیت ’’وعدہ کرو ساجناں‘‘ پیش کیا۔ گلوکار فیصل لطیف نے مقبول فلمی گیت ’’یہ ساتھ کبھی نہ چھوٹے گا‘‘ گاکر محفل لوٹ لی۔ مہناز بیگم کی کزن اور تقریب کی منظم گلوکارہ عروسہ علی نے مشہور فلمی گیت ’’میں جس بھلادوں تیرا پیار دل سے‘‘ اپنی آواز میں پیش کیا۔ اس موقع پر وہ اپنے آنسوئوں سے بھی مہناز بیگم کو خراج عقیدت پیش کرتی رہیں۔ موسیقی کی معروف شخصیت امجد شاہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے فن کاروں کی قدر کرنے کی نیت سے عمدہ تقاریب اور پروگرامز منعقد کیے ہیں۔ سب دوستوں کے تعاون کا شکریہ کہ انہوں نےہمارابھرپور ساتھ دیا۔ اس طرح محبتوں اور چاہتوں سے سجی محفل اپنے یادگار تاثر کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

(الف۔ عین۔ الف)

تازہ ترین
تازہ ترین