اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر اعتراضات ختم کر دیئے اور درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات سیاسی فورم پر طے ہونے چاہئیں، پارلیمنٹ مقدم ہے یہ معاملات وہیں طے پانے چاہئیں، یہ وقت ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط ہونا چاہئے۔ درخواست گزار آئندہ سماعت پر اس نقطے پر عدالت کو مطمئن کریں کہ یہ درخواستیں کیوں ترجیحی بنیادوں پر سنی جائیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں بینچ نے آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ سیاسی مقدمات عدالت میں کیوں لے آتے ہیں؟ آپ کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن بنتا ہے، آپ تفتیشی اداروں سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ عدالت نے آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر اعتراضات دور کر تے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواستیں دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔