اسلام آباد ( جنگ نیوز)متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاہے کہ تحریک انصاف کے سابق صدرمخدوم جاوید ہاشمی کی جانب سے عمران خان اور تحریک انصاف لگائے جانے والے انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات کی تحقیقات کیلئے فوری طورپرجوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجائے۔ بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہاکہ تحریک انصاف کے 2014ء میں ہونے والے ناکام دھرنے کے حوالے سے خود تحریک انصاف کے اس وقت کے چیئرمین مخدوم جاوید ہاشمی نے انتہائی ہولناک انکشافات کئے تھے جن کے مطابق عمران خان کواس دھرنے کیلئے نہ صرف بعض خفیہ طاقتوں کی سرپرستی حاصل تھی بلکہ انہیں اس مقصدکیلئے خطیررقومات بھی فراہم کی گئی تھیں۔ جاویدہاشمی نے یہ بھی انکشاف کیاتھا کہ عمران خان اس دھرنے کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کا بوریا بسترگول کرکے غیرجمہوری طریقہ سے خود اقتدار میں آنا چاہتے تھے اوراس مقصدکیلئے دھرنے میں بیگناہ پاکستانیوں کے قتل کا شرمناک منصوبہ بھی بنایا گیاتھا تاکہ اسے جوازبناکر پاکستان کی منتخب حکومت کاتختہ الٹاجاسکے۔ بیرسٹرسیف نے کہاکہ عمران خان کے اس غیرقانونی دھرنے کے دوران پاکستان کی معیشت کواربوں ڈالرکاناقابل تلافی نقصان ہوا، پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے صدر سمیت متعددغیرملکی سربراہان ووفود کو پاکستان کادورہ منسوخ کرنا پڑا۔