شاید آپ کو یہ بات معلوم نہ ہو کہ جب سشمیتا نے مس یونیورس کا تاج سر پر سجایا تھا تو اس نے ڈیزائنر ڈریس نہیں پہنا تھا بلکہ دہلی کے ایک مقامی درزی کا ہاتھ سے سِلا لباس پہنا تھا اور دستانےا س کی ماں نے پرانے موزوں سے بنائے تھے۔ آج سے24سال قبل (1994ء میں) مس یونیورس بننے والی وہ پہلی بھارتی لڑکی تھی اور 42سال کی ہونے کے باوجود آج بھی مس یونیورس ہی دکھائی دیتی ہیں۔ زندگی گزارنے کے حوالے سے وہ روایت شکن لوگوں میں سے ہیں۔ کئی اعزازات و اکرام حاصل کرنے کے باوجود بھی وہ ایک عام سی عورت دکھائی دیتی ہیں۔ اپنے حُسن اور شخصیت سے وہ لوگوں کو متاثر کرتی ہیں، خصوصاً ان لڑکیوں کو جو اُن جیسا بننا چاہتی ہیں۔ 25سال کی عمر میں جب وہ اپنی شہرت کے عروج پر تھیں، اس وقت بھی انھوں نے ایک لڑکی گودلے کر دنیا کوحیران کردیا تھا۔ اپنے لافانی حسن کے ساتھ دلکش شخصیت لیے آج بھی کوئی انھیں دیکھے تو دیکھتا ہی رہ جاتاہے جبکہ ہر گزرتے برس کے ساتھ ان کی خوبصورتی و رعنائی میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔
سشمیتا کی خوبصورتی کا راز خوش رہنے میں ہے۔ ان کےنزدیک خوبصورتی خدا کا استعارہ ہے اور اسے نظر آنا چاہئے۔ اسی لیے سشمیتا اپنے دمکتے چہرے پر سجی خوبصورت مسکراہٹ ہر وقت نچھاور کیے نظر آتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں،’’اگر آپ کا دماغ آپ کے کنٹرول میں ہےاور مثبت سوچوں سے بھرا ہے تو آپ خوبصورتی کی دنیا میں سب کے دل جیت سکتی ہیں‘‘ ۔
صحت مند جِلد
سشمیتا اپنی صحت مند جِلد کیلئے بہت سار ا پانی پیتی ہیں، بہت اچھی نیند لیتی ہیں، سن اسکرین استعمال کرتی ہیں اور سب سے زیادہ اپنی قدرتی خوبصورتی پر بھروسا کرتی ہیں تاکہ بہت زیادہ میک اَپ، روشنیوں، آلودگی اور دھوپ کی الٹرا وائلٹ شعاعوںسے ان کی جِلد کو نقصان نہ پہنچے۔
شوٹنگ کی بھرمار کے دوران سشمیتا کو بھرپور نیند لینے کا موقع کم ملتاہے لیکن وہ جانتی ہیں کہ رات کی بھرپور اور پرسکون نیند ان کی جِلد کی تروتازگی کیلئے کس قدر ضروری ہے۔ اپنی جِلد کی دمک کیلئے وہ پپیتے اور اورنج جوس کا باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں۔ وہ بیسن اور ملائی سے بنے فیس ماسک سے اسکرب کرتی ہیں، اس سے چہر ہ صاف اور جلد نرم وملائم ہو جاتی ہے۔ سابقہ مس یونیورس نیم اور شہد گھول کر بھی پیتی ہیں، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہےکہ اس سے خون صاف ہوتاہے جبکہ صحت مند اور دمکتی جِلد حاصل ہوتی ہے۔
سشمیتا کا کہنا ہے کہ پھیکے کلرز جیسے کہ ہلکا گلابی، پیچ، کریم اور بیج رنگ آپ کے موڈ کو پرسکون بناتے اور چہرے پر دمک لاتے ہیں لیکن جب سین کی ڈیمانڈ ہوتو وہ بھڑکیلے رنگ بھی پہنتی ہیں۔ اصل زندگی میں وہ اکثر ہلکے اور سادہ کپڑوں میں نظر آتی ہیں، جس میں وہ تازہ دم اور زندہ دل دکھائی دیتی ہیں۔
سشمیتا سین ایک مضبوط عورت ہیں اور ان کا میک اَپ اس کا مضبوط اور خوش کن پہلو دکھاتاہے جبکہ دمکتا کمپلیکشن ان کا ٹریڈ مارک ہے۔ ان کے میک اَپ میں باقی فیچر ز کے مقابلے میں چہر ہ سب سے نمایاں ہوتاہے۔ وہ بڑی احتیاط سے برونزر اپلائی کرتی ہیں،اتنا زیادہ نہیں کہ ان کا میک اَپ زیادہ لگنے لگے۔ سشمیتا کی میک اَپ کٹ میں برونز بلش، آٹو میٹک لیکویڈ لائنر اور مسکارا لازمی ہوتاہے۔ وہ اپنے ساتھ عرق گلاب یعنی روز واٹر کی چھوٹی بوتل، لپ بام اور موئسچرائزر بھی بیگ میں ضرور رکھتی ہیں۔ رات سونے سے پہلے وہ اپنا میک اَپ اُتارنا نہیں بھولتیں، چاہے وہ کتنی ہی تھکی ہوئی کیوں نہ ہوں۔
ڈائٹ روٹین
لوگ تقریبات میں اتنا کھا لیتے ہیں کہ ان کی ساری ڈائٹ روٹین خراب ہو جاتی ہے اور پھر وہ افسوس کرتے رہتے ہیں۔ سشمیتا کا مشورہ ہے کہ مصروف زندگی میں بھی متوازن غذا کا خیال رکھا جائے۔ وہ خود بھی تلی ہوئی غذا کھانے سے اجتناب کرتی ہیں۔ اپنے دن کا آغاز وہ چند بادام، دلیہ اور دودھ سے کرتی ہیں، جس سے انھیں سارادن توانا رہنے میں مدد ملتی ہے۔ تازہ پھلوں کے جوس ان کی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔
ایک فلم کی ڈیمانڈ کے مطابق سشمیتا کو وزن بڑھانا تھا، وزن تو آرام سے بڑھ گیا مگر اصل مسئلہ اسے ایک بار پھر شیپ میں واپس لانا تھا۔ انھوں نے اپنے فٹنس ٹرینر کے مشورے سے سخت قسم کی ڈائٹ کرکے اپنا پرانا شیپ واپس حاصل کرلیا۔ ان کی ڈائٹ صحت بخش پروٹین اور نشاستے والی غذائوں کا عمدہ امتزاج تھی۔
سشمیتاعلی الصبح ایک کپ ادرک کی چائے پیتی ہیں، اس کے بعد ایک گلاس ویجیٹیبل جوس پیتی ہیں۔ ناشتے میں وہ تین انڈوں کا آملیٹ یا پھر دلیہ کھاتی ہیں۔ دس بجے کے قریب ایک کپ کافی کے ساتھ بادام سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ ان کا دوپہر کا کھانا ایک پیالی دال چاول، ایک پیالی سبزی اور ایک ٹکڑا مچھلی یا چکن پر مشتمل ہوتاہے۔ اس کے بعد وہ تازہ پھل کھاتی ہیں۔ اسنیکس کھانے ہوں تو وہ ویجیٹیبل سینڈوچ، کیک یا ایک پیالی آلو کے ساتھ ایک کپ کافی پر گزارا کرتی ہیں۔
ورک آؤٹ
خود کوفٹ رکھنے کیلئے سشمیتا روزانہ 15 منٹ تک پاور پلیٹ ایکسر سائز اور ہر دوسرے د ن ایک گھنٹے کیلئے پائلیٹس، کارڈیو اور کرنچز کی ایکسرسائز کرتی ہیں۔ اپنے د ل ودماغ کو تروتازہ رکھنے کیلئے سشمیتا روانہ یوگا بھی کرتی ہیں۔