میڈیا حکومت گرانے میں ساتھ دے ہم اسکی مشکلات کے حل میں مدد کرینگے زرداری ، کشمیر پر مولانا فضل الرحمٰن کے ’عزیز از جان وزیراعظم عمران مزید پیشرفت کرینگے ‘، لیاقت بلوچ کے جملے پر مسکراہٹیں، کشمیر کانفرنس کی جھلکیاں
اسلام آباد(فاروق اقدس)سابق صدر آصف زر داری نے میڈیا کو درپیش مشکلات کے حل میں ساتھ چلنے کی مشروط پیشکش کردی ہے۔ ہفتہ کو جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت کشمیرکے حوالے سے منعقدہ کانفرنس کے دوران جب ایک اخبار نویس نے اُن کی توجہ میڈیا کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کرائی تو آصف زرداری نے ازراہ تفنن کہا کہ ہمیں معلوم ہے آج کل میڈیا مشکلات سے دوچار ہے حکومت گرانے کیلئے میڈیا ہمارے کندھے سے کندھا ملائے ان کی مشکلات کے حل کیلئے ہمارا کندھا ان کے ساتھ ہوگا،صحافیوں کی مشکلات زیادہ ہیں امید ہے ، جلد حل ہونگی۔ایک موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے موجودہ حکومت سے کشمیر کے مسئلے پر توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ’’عزیز ازجان وزیر اعظم عمران خان مزید پیشرفت کرینگے ‘‘۔جس پر مولانا فضل الرحمان سمیت اسٹیج پر موجود رہنماؤں کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے میں آئی۔ وفاقی دارالحکومت میں یوم یکجہتی آزادکشمیر کے حوالے سے یہ پہلی تقریب تھی جس میں پاکستان کے سابق صدر، آزادکشمیر کے صدر اور وزیراعظم اور مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور نمائندگی موجود تھی۔ جبکہ کشمیری تنظیموں کے کارکنوں اور رہنماؤں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر اور شعبہ زندگی کی قابل ذکر شخصیات کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان بیرون ملک ہونے اور پیر پگاڑا اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث نہیں آئے ، انہوں نے اور آفتاب شیرپاؤ نے اپنے نمائندوں کو کانفرنس میں شرکت کیلئے بھیجا۔