لاہور(نیوز رپورٹر/مانیٹرنگ سیل)نیلم جہلم پاور پراجیکٹ سے شیڈول کے مطابق بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہوگئی ہے،منصوبے کے چاروں پیداواری یونٹ کو چلانے کیلئے 280کیومکس پانی کی ضرورت ہے، جو مارچ اپریل سے دستیاب ہوگا۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز اپریل 2018ء میں ہواتھا اور تعمیراتی معاہدے کے تحت اسے 5 جنوری سے 29روز کے لئے تفصیلی انسپکشن کے لئے بند کیا گیا تھا۔ ٹیل ریس ٹنل سے پانی نکالنے کے بعد پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے کے سول ورکس اچھے معیار کے ہیں جبکہ الیکٹریکل اور مکنیکل آلات بھی مطلوبہ معیار کے حامل ہیں۔ زیر زمین ٹیل ریس ، ڈرافٹ ٹیوبز ، بونٹ گیٹس ، ایم آئی ویز ، پیداواری یونٹس اور متصل آلات میں معمولی نوعیت کی مرمت درکار تھی ، جسے کر لیا گیا ہے۔