اسلام آباد(خبرایجنسی) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہےکہ عمران صاحب اپنی حکومت کے عوام پر مظالم اور عذاب پر بھی ٹوئٹ کریں۔مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ پر 3مرتبہ جواب دیا اور کہا کہ ملکی قرضہ 26 ارب اور غیر ملکی قرضہ100ارب تک پہنچ گیا ہے، کہاں ہے معاشی پالیسی اور معاشی ویژن؟ جب ملکی معاملات ہوں تو تکبر اور ذاتی انا کو پس پشت ڈال دینا چاہیے۔ ترجمان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ صورتحال ٹوئٹ کر کے ٹھیک نہیں ہوگی، اس پر قابو پانا، آپ اور آپ کی حکومت کے بس کی بات نہیں۔مریم اورنگزیب نے مشورہ دیا کہ معاشی بحران ختم کرنے کا مشورہ لینے پرشرمندگی ہوتی ہے تو اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو بلالیں، آل پارٹیز کانفرنس بلالیں،ہم آپ کی مددکریں گے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہناتھا کہ حکومت کی نااہلی اورناتجربہ کاری کی وجہ سے عوام مایوسی کاشکار ہیں،وزیراعظم پارلیمانی اجلاس بلائیں،شہبازشریف سے نہ ڈریں۔