کراچی (ٹی وی رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نےڈیل یا ڈھیل میں وزیراعظم کے کردار سے متعلق کہا ہے کہ یہ کام عمران خان کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتا ، میں سمجھتا ہوں 30مارچ تک اہم دن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام نیا پاکستان میںمیزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئےکیا جبکہ میزبان نے ابتدائیہ میں کہا کہ ملک کے سیاسی منظر نامے پر ایک بار پھر ڈیل کی افواہیں گرم ہونے کے بعد وفاقی وزرأ تشویش میں مبتلا سوال اُٹھ رہے ہیں کہ کیا شریف برادران کو ڈیل یا ڈھیل ملنے والی ہے ان تمام افواہوں کو لے کر حکومتی وزراء کی باڈی لینگویج میں تبدیلی آرہی ہے ۔ فواد چوہدری شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس چیئرمین بنانے اور اُن کے پروڈکیشن آرڈرز جاری کرنے جیسے معاملات پر اپنی حکومت سے نا خوش ہیں اور کئی معاملات پر مایوس نظر آرہے ہیں۔شیخ رشید بھی ڈیل کی خبروں پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں وہ وزیراعظم سے قوم کو اعتماد میں لینے کی اپیل کر رہے ہیں۔ شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ ڈیل کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ابھی تک اونٹ کسی کرونٹ نہیں بیٹھا ہے لیکن دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔ اگر انہوں نے جانا ہی ہے تو انہیں لوٹی ہوئی دولت کا حساب دے کر جانا ہے ویسے عمران خان نے بھی نہیں چھوڑنا اور یہ شریف برادران ڈیل کے بجائے ڈھیل کی طرف گامزن ہیں ۔عمران خان نے ایک میسج کیا جو ابھی شیئر نہیں کرسکتا ۔ ایک سوال کہ آپ نے یہ بیان دیا کہ اگر ڈیل یا ڈھیل کا معاملہ ہے تو وزیراعظم کو قوم کو اعتماد میں لینا چاہیے ، کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ بالکل میں نے یہ بیان دیا ہے مجھے نہیں کہنا چاہیے تھا لیکن میں نے کہا ہے اور اصل دوست وہ ہوتا ہے جو اپنے دوست سے سچی بات کرے اور عمران خان کا بڑا پن ہے کہ وہ میری باتیں سنتے ہیں لیکن ایک چیز واضح کردوں عمران خان نے مجھ سے کہا کہ ’کوئی گنجائش نہیں ہے کسی قیمت پر‘۔ پہلے جب تک ترکی گئے تو میں نے عمران خان سے کہا کہ آپ کے ساتھ ہاتھ ہونے جارہا ہے جس کا اعتراف عمران خان نے بعد میں کیا اب دوبارہ جارہے تھے تو میں نے یہی کہا کہ احتیاط کریں کوئی بات نہ ہوجائے عمران خان نے بتایا اس دفعہ خود اردگان کہہ رہے تھے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر کیا چل رہا ہے کہ میں کوئی ڈیل کرانے لگا ہوں۔ ڈیل یا ڈھیل میں وزیراعظم کا کردار ہوگا یا وہ بھی بے بس ہوں گے آپ کے اور دوسرے وزراء کی طرح اس کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں بے بس نہیں ہوں اللہ مجھے بے بس نہ کرے اور یہ کام عمران خان کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ میں سمجھتا ہوں تیس مارچ تک اہم دن ہے۔ آصف زرداری بھی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی راستہ نکل آئے ابھی فی الحال گلی بند ہے اگر گلی سے راستہ نکلتا ہے تو میں قوم کو اعتماد میں لوں گااور اپنا فیصلہ بھی سناؤں گا۔ بلاول بھٹو کے بیانات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں بلاول کو اپنا شہزادہ کہتا رہا ہوں۔ بلاول کان کھول کے سن لیں آصف زرداری کرپشن کی دنیا کے فنانشل گٹر ہیں ۔ جیو لاہور کے بیورو چیف رئیس انصاری کا کہنا ہے کہ میری وزیراعظم سے آج مختلف اُمور پر بات ہوئی ساہیوال کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ اس پورے ایشو پر میری نظر ہے اور میں نے واضح طور پر ہدایت کر دی ہیں کہ ہم نے انصاف کی آخری حد تک جانا ہے ۔ عثمان بزدار سے کہا ہے جے آئی ٹی پر اگر مطمئن نہیں ہوتے تو جوڈیشل کمیشن ہی بنا دیں عثمان بزدار نے اس حوالے سے کہا کہ اگر جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اگر لواحقین مطمئن ہوتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ جوڈیشل کمیشن بنا دیں گے۔ عثمان بزدار کے حوالے سے ابھی بھی عمران خان مطمئن ہیںآ ج وزیراعظم کو بیوروکریسی میں تبدیلی کرنے کی بریفنگ دی گئی تھی اُس میں وہ سیکٹر کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں لا رہے ہیں۔