اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بھارتی انتہاپسندتنظیم کی دھمکیاں سنگین نوعیت کی ہیں ‘ سکیورٹی کلیئرنس ملنے تک قومی ٹیم انڈیانہیں جائے گی ‘تین رکنی سکیورٹی کل پیرکو بھارت جائیگی‘قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی تحقیقات عوام کے سامنے رکھیں گے ‘سرفراز مرچنٹ کے بیان کی باقاعدہ تحقیقات ہوگی ‘سرفراز مرچنٹ نے جو دستاویزات پیش کی ہیں ان کے جائزے کے لیے کمیٹی بنادی ہے‘ کمیٹی انہیں انٹرویو کے لیے پاکستان بلائے گی نہ آئے تو برطانوی حکومت سے مدد مانگیں گے‘ منی لانڈرنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ‘ مصطفیٰ کمال کے بیان میں لفاظی کے علاوہ کچھ نہیں‘ان کے یاکسی اورکے پاس ثبوت ہیں توسامنے لائیں ‘ تحقیقات کیلئے تیارہیں‘ نام صیغہ راز میں رکھاجائیگا‘ہر سیاسی الزام پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا‘ایم کیوایم سمیت کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی ‘عمران فاروق قتل کیس سنجیدہ معاملہ ہے اور برطانیہ میں سست پیش رفت پر مایوسی ہے‘عمران فاروق قتل اورمنی لانڈرنگ کیس پر سابقہ حکومت نے برطانیہ سے معلومات شیئرنہیں کیں‘منی لانڈرنگ کے حوالے سے کسی کے پاس ثبوت ہیں تو وہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم کے ساتھ معلومات کاتبادلہ کرے ۔وہ ہفتہ کو یہاں پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان کی ایشیاءکپ میں ناقص کارکردگیکی رپورٹ شائع کی جائیگی‘بحیثیت وزیر داخلہ میری ذمہ داری ہے کہ کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے‘چند دنوں سے بھارت سے سکیورٹی کے حوالے سے جو اطلاعات آ رہی ہیں وہ تشویشناک ہیں‘بھارت کی انتہاءپسند تنظیمیں دھمکیاں دے رہی ہیں کہ پاکستان کی ٹیم کو کھیلنے نہیں دیں گے‘ماضی میں بھی ہمارے فنکاروں غلام علی خان اور دیگر لوگوں بشمول شہریار خان کی بھی تضحیک کی جا چکی ہے‘قومی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنا آئی سی سی اور بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ جب تک بھارت سے یہ پیغام نہ ملے کہ بھارت پاکستان کی ٹیم کےلئے محفوظ ملک ہے ٹیم کو نہیں بھیجیں گے‘اگر سکیورٹی کے حوالے سے مثبت رپورٹ ملی تو بدھ کو قومی ٹیم بھارت روانہ ہو گی ورنہ چند دن تک پاکستان کی ٹیم کا دورہ ملتوی کیا جا سکتا ہے‘ ایف آئی اے کے سینئر پولیس افسر عثمان انور کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں پی سی بی کے چیف سیکورٹی افسر اور بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔