• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم نے سنگین بحران پیدا کردیا ہے،شاہ محمود

لندن (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ناروے کے سابق وزیراعظم شیل بونڈویک نے برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے دفتر میں ملاقات کی۔شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں شرکت پر سابق وزیراعظم ناروے کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوجی تسلط اور نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم نے سنگین بحران کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے جس نے پوری دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ان کی آواز میں آواز ملا کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی فوری تحقیقات ”غیر جانبدار کمیشن آف انکوائری“ تشکیل دے کر کرائی جائیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر جلد عملدرآمد سے ہی جموں و کشمیر کے تنازعہ کا فوری اور پر امن حل نکل سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ علاقہ میں نافذ کالے قوانین منسوخ کرے، نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ فی الفور بند کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خود ارادیت کا احترام کرے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم ناروے نے کہا کہ ہماری رائے بھی یہی ہے کہ طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، پرامن مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کے حل کا واحد راستہ ہیں، بین الاقوامی برادری کو بھی مسئلہ کشمیر کو ترجیحی ایجنڈے کے طور پر لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے انٹرنیشنل کمیونٹی میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔
تازہ ترین