• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی مبصر آزاد کشمیر کا دورہ کریں، انڈیا ایسا کریگا؟وزیر خارجہ شاہ محمود

کراچی(جنگ نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کانفرنس میں یکجہتی پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، انڈیا نے لندن کانفرنس کو منسوخ کروانے کی کوشش کی اور حریت رہنماؤں کو ویزہ نہیں دیا، مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی، مشرقی اور مغربی سرحد پر امن کیلئے کوشاں ہیں، کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی، عالمی آبزرورز کو آزاد کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں کیا انڈیا ایسا کرنے کیلئے تیار ہے؟وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آزاد کشمیر اور حریت کانفرنس کو سامنے لانا ہوگا، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کے صرف دو فریق نہیں یہ سہ فریقی مسئلہ ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے بات کررہے تھے۔ پروگرام میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم،جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور لاہور کی 14سالہ طالبہ اسوئہ زینب شریک تھیں جبکہ آسٹریلیا سے پاکستان کے پہلے کشمیری کرکٹر سلمان ارشاد کا پیغام بھی شامل کیا گیا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کے صرف دو فریق نہیں یہ سہ فریقی مسئلہ ہے، تمام کوششوں میں آزاد کشمیر حکومت اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کو سامنے رکھا جائے ،لندن کانفرنس میں سابق وزرائے اعظم ضرور تھے مگر آزاد کشمیر کی حکومت کہیں نہیں تھی۔وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آزاد کشمیر اور حریت کانفرنس کو سامنے لانا ہوگا، حریت کے رہنماؤں سے ہمارا مکمل رابطہ ہے ان کی تجاویز پر عمل کررہے ہیں، کشمیر کی آزادی کا وقت آگیا ہے کوشش ہے ہمارے دورِ حکومت میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہوجائے، اقوام متحدہ کی سیکرٹری کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو ساتھ لے کر جائیں گے۔آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم نے کہا کہ پاکستان نے کبھی کشمیر کو نظرانداز نہیں کیا، لندن میں کشمیر پر بہت بڑی کانفرنس ہوئی جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور کشمیری قیادت بھی موجود تھی، کابل میں کشمیریوں کے حق میں خواتین کا جلوس نکلنا ہمارے شہداء کے لہو کا صلہ ہے، کشمیریوں کو ساتھ بٹھائے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی پیشرفت ممکن نہیں ہے۔ حریت رہنما مشعال ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ یو این کی ویب سائٹ پر جاکر ہیومن رائٹس کمشنر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ای میل کریں، ناروے اور ملائیشیا بھی مسئلہ کشمیر پر بہت سرگرم ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین