چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ہم فیس ماسک ، اینٹی ایجنگ فوڈ اوراسکن سپر فوڈسے متعلق تو اکثر و بیشتر بات کرتے ہی رہتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی اس بارے میں سوچا ہے کہ خوبصورت اور چمکدار بالوں کے بغیر چہرے کی شگفتگی کی خواہش مکمل نہیں ہوسکتی۔ روکھے پھیکے، بے جان بال ایک بہترین اور مکمل شخصیت کو بھی ماند کر سکتے ہیں۔ اس کے برعکس خوبصورت، جاندار اور چمکدار بال کسی بھی شخصیت کو نہایت شاندار اور پرکشش بنا کر پیش کرتےہیں، تو آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں ان ہیئر ماسک کی جو آپ کے بالوں کی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایواکاڈو اور شہد کا ماسک
ایواکاڈو کا چھلکا اتار کر اس میں ایک چمچ خالص شہد ملا کر اچھا سا پیسٹ بنالیں، اس پیسٹ کو سر میں20سے 30منٹ لگارہنے دیں۔ایواکاڈو میں وٹامن، منرلز اور فیٹی ایسڈز ہوتے ہیں، جو بالوں کی نشوونمااور انہیں توانا رکھنے،اور نرم وملائم اور چمکدار بنانے میں مدد دیتے ہیں ۔یہ ماسک بالوں کی تمام اقسام کے لیے بے حد مفید ہے۔
فوائد: طبی ماہرین کی رائے کے مطابق ایواکاڈو میں وہ تمام اجزاء موجود ہوتےہیں، جن کو جِلدی صحت کے لیے ضروری قرار دیا جاسکتا ہے ۔ ایواکاڈو وٹامن ای اور فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہونے کے باعث بالوں کی صحت کے لئے نہایت مفید ہے۔اسی طرح بالوں کے لیے شہد بہترین کنڈیشنر کا کام کرتا ہے، اس کا استعمال بالوں کے روکھے پن کو دور کر کے بالوں کو تر و تازہ اور جگمگاتا ہوا بناتا ہے۔
انڈہ اور زیتون کا تیل
اگر آپ کے بال خشک اور بے جان ہیں، اس کے علاوہ گرتے بھی بہت ہیں تو2 انڈے لیں اور انھیں اچھی طرح پھینٹ لیں۔ ان میں 3 چمچ زیتون کا تیل مکس کرلیں، جب دونوں آپس میں اچھی طرح مکس ہوجائیں تو انھیں 20 سے 30منٹ بالوں پر لگارہنے دیں اور اس کے بعد بال دھولیں۔
فوائد: انڈے کے دیگر فوائد میں سے ایک فائدہ بالوں کی مضبوطی بھی ہے۔ انڈوں میں موجود پروٹین، امینو ایسڈ،منرلز اور وٹامنز کی وجہ سے ان کا بالوں پر بہت اچھا اثر ہوتا ہے۔انڈے کی زردی میں وٹامن ای کی وافر مقدار ہوتی ہے، جس کی وجہ سے بال نہ صرف مضبوط ہوتے ہیں بلکہ اس میں موجود وٹامن اے اور ڈی کی موجودگی کی وجہ سے یہ گھنے بھی ہوجائیںگے۔ زیتون بالوں کے لیے سکون بخش ہے، یہ بالوں کے لیےبہترین کنڈیشنر ثابت ہوتا ہے، جس کے سبب خشک اور روکھے بال نرم و ملائم ، خوبصورت اور چمکدار ہوجاتے ہیں ۔
سیب کا سرکہ اور لیموں
آئلی بالوں کے لیےایک چوتھائی کپ سیب کا سرکہ لیں، اس میں ایک بڑے لیموں کا رس شامل کرکے اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس ماسک کو 15سے 20منٹ تک بالوں پر لگا رہنے دیں اور پھر انھیں دھو لیں۔
فوائد: سیب کا سرکہ بالوں کی خشکی دور کرنےاور انھیں چمکدار بنانے میں مفید ہے۔سرکے میں موجود پوٹاشیم سر کی جِلد کے لئے بہت مفید ہے اور یہ مردہ خلیوں سے سر کی جِلد کو نجات دیتا ہے، اس کے استعمال سے بالوں میں خشکی کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے۔یہ ماسک بالوں کی سطح کو متوازن بنانے اور ان کی چمک بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
کیلا ،شہد اور بادام
روکھےاور خشک بالوں کے لیے آدھا کیلا لے کر اسے اچھی طرح سے میش کرلیں، اس میں دو چمچ شہد اور چند قطرے بادام کا تیل ملالیں۔ اس ماسک کو 20منٹ بالوں پر لگائیں اور پھراور پھر انھیں دھو لیں۔
فوائد: کیلا اہم غذائی عناصر اور منرلز سے بھرپور ہونے کے باعث نہ صرف صحت بلکہ بالوں کے لیے بھی مفید ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم، میگنیشیم، امینو ایسڈز اور وٹامن اے، بی اور ای موجود ہوتے ہیں۔ ان میں سے پوٹاشیم بالوں کی نشوونما کے لیے بہت اہم جزو ہے، جو خشکی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔پوٹاشیم کنڈیشنر کی طرح کام کرتا ہے جبکہ بالوں کی نمی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ بادام کا تیل بالوں کو گھنا اور لمبا کرنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔